جمرود، شہید نیاز محمد کے قتل میں نامزد دو ملزمان میں سے ایک گرفتار
خیبر پولیس کی کامیاب کارروائی، 24 گھنٹوں کے اندر اندر شہید ایڈیشنل ایس ایچ او نیاز محمد کے قتل میں ملوث دو نامزد ملزمان میں سے ملزم سمیع اللہ ولد سنزل خان کو گرفتار کر لیا گیا، وقوعہ میں استعمال ہونے والے گاڑی بھی برآمد، ڈی پی او خیبر کے مطابق دوسرے نامزد ملزم کی تلاش جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے جاری کردہ احکامات پر تفتیشی افسران پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دیدی گئی تھیں جنہوں نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش شروع کرتے ہوئے ملزم سمیع اللہ کو گرفتار کر لیا۔
گذشتہ روز تھانہ جمرود علاقہ علی مسجد میں سمگلروں اور پولیس پارٹی کی درمیان کراس فائرنگ ہوئی تھی جس میں ایڈیشنل ایس ایچ او جمرود نیاز محمد شہید جبکہ اے ایس ایچ او حضرت منیر اور شعور خان زخمی ہوئے تھے۔
ڈی پی او خیبر وسیم ریاض نے کہا ہے کہ ملوث تمام ملزمان کی گرفتاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، ان کو جلد سے جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دلوائیں گے۔
خیال رہے کہ آئی جی پولیس خیبر پختونخوا ثناء اللہ عباسی نے آج جمرود کا دورہ کرتے ہوئے شہید ایڈیشنل ایس ایچ او جمرود نیاز محمد آفریدی کے چھوٹے بچوں سے ملاقات کی۔
آئی جی ثناء اللہ عباسی نے اس موقع پر کہا کہ شہید ایڈیشنل ایس ایچ او جمرود کے اہلخانہ کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کیا جائے گا،شہید کے بچوں کو خیبر پختونخوا پولیس شہداء کے طرز پر شہدا پیکیج اور دیگر مراعات دیئے جائیں گے۔
قبل ازیں سمگلروں اور جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ فائرنگ میں شہید ہونے والے ایڈیشنل ایس ایچ او نیاز محمد کی نمازِ جنازہ پولیس لائین خیبر میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی تھی۔