سکیورٹی خدشات کے پیش نظر وانا میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144نافذ
جنوبی وزیرستان کے ضلعی ہیڈ کوارٹر وانا میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایک ماہ کے لئے دفعہ144نافذ کردیا گیا ہے،وانا کیمپ روڈ ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیا گیا ہے،دوسری جانب علاقہ کارکنڑہ میں ملکیتی تنازعے میں غیرقانونی اسلحہ کی نمائش ،لشکرکشی اور مورچہ زنی کی پاداش میں دوتانی اور زلی خیل قبیلے کے60مشران پر3ایم پی او کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے جن کی گرفتاری کیلئے سب ڈویژن وانا کے تمام چیک پوسٹوں پر چیکنگ شروع کردی گئی ہے۔
ڈی سی سائوتھ وزیرستان نے کہاکہ آئندہ 24گھنٹوں میں مذکورہ 60مشران کی گرفتاری عمل میں لائی جائیگی اور غیرقانونی اسلحہ ومورچہ زن افراد کو تحویل میں لیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ تحصیل توئے خلہ دوتانی قبیلہ اور زلی خیل قبیلے کے متازعہ علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کاآغاز کردیا ہے۔ادھر ڈی پی او شوکت علی نے کہا کہ ڈی سی جاوید اقبال کی ہدایت کے مطابق آج سے غیرقانونی اسلحہ ، موٹرسائیکل پر ڈبل سواری ،کالے شیشے کی گاڑیوں ،لاؤڈسپیکرپر غیر ضروری اعلانات اور دیواروں پر وال چاکنگ کرنے پر ایک ماہ کیلئے پابندی ہوگی اگرکسی نے خلاف ورزی کی تو قانونی کارروائی کی جائیگی۔
دریں اثناء متحرف قبیلہ زلی خیل کے سرکردہ مشر سعید اللہ خان نے کہا ہے کہ جب تک انتظامیہ مذکورہ اراضی تنازعہ پر مثل وریکارڈ کے مطابق سنجیدہ اقدامات نہیں کرتی زلی خیل وزیر واپسی کے لئے تیار نہیں چاہے حکومت جو بھی اقدام اٹھائیں۔