قبائلی اضلاع

خیبر میں دو افراد قتل، شمالی وزیرستان میں 12 سالہ پرانی لاش برآمد

ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں دو افراد قتل جبکہ شمالی وزیرستان میں 12 سال قبل لاپتہ ہونے والے شخص کی لاش (صرف ہڈیا) مل گئی۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق رزمک ڈویژن میں دوسلی گڑیوم روڈ پر کام کرتے وقت مزدور کو 12 سال پرانی لاش ملی، مقامی پولیس کے مطابق مذکورہ شخص شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی بازار سے 12 سال پہلے لاپتہ ہوا تھا۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص کا نام محمد سلام ولد کابل دین ہے جس کا تعلق میرعلی سب ڈویژن کے گاؤں خوشحالی سے ہے، ”ہڈیاں اس کے بیٹے شوکت خان نے حاصل کر لیں۔”

دوسری جانب ضلع خیبر کے علاقے باڑہ اور تیراہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ ملزمان ارتکاب جرم کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق باڑہ کے نواحی سپاہ کے علاقے عالم گودر روڈ پر الحاج مارکیٹ کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس سے عارف نامی شخص ساکن گنداؤ سپاہ شدید زخمی ہوا، ریسکیو 1122 کو اطلاع ملتے ہی میڈیکل ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر کے ڈوگرہ ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں وہ طبی امداد کے دوران شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

دوسرا واقعہ باڑہ کے دورافتادہ علاقے تیراہ میدان قبیلہ ملک دین خیل میں پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح شخص نے 23 سالہ ثاقب ولد شیر عالم پر فائرنگ کر دی جس سے وہ شدید زحمی ہوا، اسے طبی امداد کیلئے باڑہ روانہ کر دیاگیا تاہم شدید زحموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی جان بحق ہو گیا۔

پولیس کے مطابق دونوں واقعات پرانی دشمنی کا شاخسانہ بتائے جاتے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button