قبائلی اضلاع

‘این اے 45 کرم میں جے یو آئی کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی جائے’

 جمعیت علمائے اسلام خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات عبدالجلیل جان نے این اے 45 کرم میں ضمنی انتخابات میں ووٹوں کی دوباری گنتی کا مطالبہ کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ این اے کرم 45کے ضمنی انتخابات میں بدترین دھاندلی ہوئی ہے۔

جمعیت علمائے اسلام خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات عبدالجلیل جان نے پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کرم میں ہونیوالے ضمنی انتخابات کو مسترد کرتی ہے کیونکہ ان ضمنی انتخابات میں عام انتخابات 2018کے دھاندلی کا ریکارڈ بھی توڑ دیا گیا اور رات کی تاریکی میں نتائج کو بدل کر جے یو ائی کے کامیاب امیدوار ملک جمیل کو ہرایا گیا۔

عبدالجلیل جان نے کہا کہ این اے 45کرم کے ضمنی انتخابات میں مقامی انتظامیہ الیکشن کمیشن ،آر او ،ڈی آر او اور پریزائیڈنگ آٖفیسرز کے جانبدارانہ رویئے نے جمعیت کی جیت کو ہار میں بدل دیا۔ انہوں نے کہا کہ 19فروری کو ضمنی انتخابات میں عوام نے پہلے جیسا دوبارہ جمعیت علماء اسلام پر اعتماد کرتے ہوئے بھاری مینڈیٹ دیا کیونکہ یہ حلقہ جمعیت کا گڑھ ہے جبکہ رات گئے تک 120پولنگ سٹیشنز پر جمعیت کے امیدوار ہزاروں ووٹوں سے لیڈ کر رہا تھا اور باقی 14پولنگ سٹیشنز پر بھی جمعیت نے اپنے لیڈکو برقرار رکھا لیکن رات کی تاریکی میں نتائج کو روک کر رد وبدل کر کے حکمران جماعت کے امیدوار کو جتوایا گیا جو سراسر ظلم اور نا انصافی ہے۔

جمعیت کے صوبائی قائدین کا کہنا تھا کہ 20 فروری کو دوبارہ گنتی کیلئے جمعیت اور آزاد امیداروں کی جانب سے درخواستیں دینے کے باوجود آراو گنتی کیلئے تیار نہیں ہے تاہم مذاکرات کے بعد پہلے 25اور بعد میں 80 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ گنتی کی بات تو ہوئی لیکن اس سے بھی پھر مکر گئے اور یکطرفہ طور پر بکسوں کے سیل توڑ کر گنتی شروع کی جو الیکشن کمیشن کے رول کی خلاف ورزی ہے اور دھاندلی چھپانے کا واضح ثبوت ہے۔

جمعیت علمائے اسلام خیبر پختونخوا کی قیادت نے مطالبہ کیا ہے کہ این اے 45 کرم میں جے یو آئی کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی جائے بصورت دیگر ملک گیر احتجاج شروع کرینگے اور اسلام آباد الیکشن کمیشن کے دفتر سے بھی رجوع کرینگے۔ عبد الجلیل جان کے ہمراہ ڈپٹی جنرل سیکرٹری جے یو آئی ضم اضلاع الحاج احمد سعید اور سیکرٹری اطلاعات جمعیت علماء اسلام فاٹا قاری جہاد شاہ آفریدی بھی موجود تھے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button