درازندہ میں پاک آرمی کی جانب سے سپورٹس فیسٹول کا اہتمام
ڈیرہ اسماعیل خان کے نیم قبائلی ضم شدہ علاقے میں قیام امن کے بعد پاک آرمی کی جانب سے دیگر عوامی مسائل کے حل کے ساتھ نوجوانوں میں کھیلوں کے صحت مند مقابلوں کے لیے درازندہ میں سپورٹس فیسٹول کا اہتمام کیا گیا جسمیں مختلف کھیلوں کے مقابلے جسمیں فٹ بال، والی بال،رسہ کشی،دوڑ، گھوڑا ڈانس، تائی کوانڈو شامل تھے۔
اس سپورٹس فیسٹول کی اختتامی تقریب کا اہتمام درازندہ قلعہ میں کیا گیا، اس اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی آئی جی ایف ساوتھ میجر جنرل عمر بشیر تھے ان کے ساتھ اس موقع پر سٹیشن کمانڈر بر یگیڈئیر قاسم شہزاد بھی موجود تھے۔ اس تقریب میں درازندہ کے شہریوں سمیت اعلیٰ سول وفوجی افسران اور علاقہ معزین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
ان مقابلوں میں پہلی تین پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کو نقد انعامات تعریفی سرٹیفکٹ اور ٹرافیاں دی گئیں اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف ساوتھ میجر جنرل عمر بشیر اورسٹیشن کمانڈر بر یگیڈئیر قاسم شہزادنے کہا کہ تعلیم کیساتھ ساتھ نوجوان نسل کو اپنی صحت اور بہتر نشونما کے لیے کھیلوں میں حصہ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا اچھی صحت ہی پاکستان کا بہتر مستقبل ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ہی پاکستان کا مستقبل ہے اور کسی بھی علاقے میں امن کے لیے نوجوانوں کا کردار اپنی مثال آپ ہونا چاہیے انہوں نے اس موقع پر یقین دلایا کہ پاک فوج علاقے میں قیام امن میں اچھا کردار ادا کرنے والوں کو مایوس نہیں ہونے دے گی اور ان کی اچھی صحت اور بہتر مستقبل کے لیئے اس قسم کے مقابلوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علاقہ معززین نے پاک فوج اور ایف سی ساوتھ کے کردار کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ پاک فوج اس طرح کے پروگراموں کے سلسلہ کو جاری رکھے گی انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں پاک فوج کی قیام امن کے لیے قربانیوں کوکبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا انہوں نے کہا کہ درازندہ میں کامیاب امن سپورٹس فیسٹیول اس امر کا غماز ہے کہ یہاں خوشیاں لوٹ آئی ہیں اور امن قائم ہوچکا ہے۔