قبائلی اضلاع

سکیورٹی فورسز پرحملے کے بعد وانا میں کرفیو نافذ

جنوبی وزیرستان میں فورسز بم دھماکے کے بعد وانا بازار میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے اور علاقے میں فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے۔

پیر کے روز وانا بائی پاس روڈ پر دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ دہشت گردوں نے وانا بائی پاس روڈ پر ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس سے فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا، جس میں 3 اہل کار شہید، جب کہ 8 زخمی ہوئے تھے۔

حملے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مختلف علاقوں میں سرچنگ کا عمل جاری ہے۔ کرفیو کے دوران بازار، دکانیں اور مارکٹیں بند رکھی گئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ بازاروں کا رخ نہ کریں۔

کرفیو کے دوران شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کو بھی بند کردیا گیا ہے، جس سے شہر کے باہر جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ کرفیو کب تک نافذ رہے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button