قبائلی اضلاع
تیراہ کا 20 سالہ صدیق چاقو کے وار، جمرود میں 16 سالہ عرفان کرنٹ لگنے سے جاں بحق
ضلع خیبر میں دو مختلف واقعات میں دو نوجوان جاں بحق ہو گئے۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق ضلع خیبر کے دورافتادہ علاقے تیراہ میدان میں قبیلہ ملک دین خیل سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ صدیق کو چاقو کے وار سے شدید زخمی کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مجروح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا تاہم واقعہ میں کسی کو حراست میں لینے کی اطلاعات نہیں ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کی بناء پر رونما ہوا۔
دوسری جانب جمرود علاقہ شاہ زمان کلی کے نزدیک بجلی کا کرنٹ لگنے سے 16 سالہ عرفان نامی لڑکا شدید زخمی ہو گیا۔
ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر کے جمرود ہسپتال منتقل کر دیا جہاں پر وہ جانبر نہ ہوسکا اور خالق حقیقی سے جا ملا۔