شمالی وزیرستان متاثرین کا پشاور میں احتجاج آج تیسرے روز بھی جاری
شمالی وزیرستان آئی ڈی پیز کا پشاور پریس کلب کے باہر احتجاج آج تیسرے روز بھی جاری ہے۔ گزشتہ روز مظاہرے میں عائشہ گلالئی نے شرکت کی اور حکومتی اقدامات پر شدیدتنقیدکی، عائشہ گلالئی نے کہا کہ قبائل کو حق دے نہیں سکتے اور بات کشمیریوں کے حقوق کی کرتے ہیں، ضم اضلاع کے عوام نے ہمیشہ قربانیاں دیں ہیں، انکا راشن بند کرنے والے شرم کریں، پی ڈی ایم اے ضم اضلاع کا حق دبائے بیٹھی ہے۔
مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں ڈھول کی تھاپ پر احتجاج کیا،مظاہرین کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے شمالی وزیرستان کے بے گھر افراد کو ماہانہ ملنے والا راشن بحال کیا جائے۔
متاثرین شمالی وزیرستان کو ملنے والی ماہانہ رقم بھی گزشتہ 4 مہینے سے تاخیر کا شکار ہے وہ بحال کیا جائے، اور افغانستان میں مقیم شمالی وزیرستان کے متاثرین کے لیے غلام خان و انگور اڈا بارڈر کھولا جائے اور انہیں باعزت اپنے ملک واپس لایا جائے۔