جنوبی وزیرستان، بچوں کی لڑائی نے دو قیمتی جانیں لے لیں
جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا میں بچوں کی معمولی لڑائی نے دو قیمتی جانیں لے لیں۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق نیاز خان اور اشرف خان کے کے بچوں کے مابین گزشتہ دنوں جھگڑا ہوا تھا جس پر اعظم ورسک روڈ گنگی خیل سٹاپ کے قریب دونوں کے درمیان توتکار ہو گئی۔
تلخ کلامی کے دوران نیاز خان نے طیش میں آ کر اشرف خان اور ان کے بیٹے عمر خطاب پر اندھادھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں اشرف خان موقع ہی پر دم توڑ گئے، جبکہ عمر خطاب کو زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نیاز خان نامی شخص نے اشرف خان سے پوچھا کہ تمہارے بچے روز کیوں ہمارے بچوں کو مارتے ہیں جس پر دونوں کے بیچ تکرار فائرنگ اور اس کے نتیجے میں دو قیمتی جانوں کے ضیاع پر منتج ہوئی۔
وقوعہ کے بعد مقامی پولیس نے واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ہے اور ملزم کو پکڑنے کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پچھلے کئی دنوں سے وزیرستان میں قتل و اقدام قتل کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے،جس کی وجہ سے لوگوں میں تشویش بڑھ گئی ہے۔