شلمان واٹر سپلائی سکیم ملاگوری شہید مینہ منتقل کرنے کیخلاف احتجاج
شلمان واٹر سپلائی سکیم ملاگوری شہید مینہ منتقل کرنے کے خلاف شلمان قوم نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی، اور سروے کی منتقلی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علی وہاب شلمانی، رئٹائر صوبیدارشریف، محمد ولی، ملک باسن، ملک عرب شاہ، بادشاہ، تسلیم اور ڈاکٹر سجاد اور دیگر نے کہا کہ پاکستان بننے کے بعد شلمان میں کسی بڑے منصوبے پر کام نہیں کیا گیا واحد پروجیکٹ شلمان واٹر سپلائی منصوبہ تھا جو شلمان اور شینواری قوم کے لئے تھا، منصوبے میں شلمان دریائے کابل سے لنڈیکوتل پانی پہنچانا ہے جس میں شلمان قوم کے لئے نوکریاں اور بجلی کا علیحدہ فیڈر تھا۔
مقررین نے کہا کہ منصوبے کو شلمان واٹر سپلائی نام دیا گیا ہے لیکن اب ملاگوری منتقل کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمرود جلسے میں وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ آپ سب کو شلمان واٹر ایک بڑا پروجیکٹ مبارک ہو، اس کے بعد کئی بار وزیر اعلیٰ اور وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر علامہ نورالحق قادری نے بھی اپنے بیانات منصوبے کے حوالے سے بات کی تھی اور شلمان قوم کے مشران کو نوکریوں اور بجلی کے علیحدہ فیڈر کے وعدے بھی کئے گئے تھے لیکن اب ایک سازش کے تحت منصوبہ منتقل کیا گیا ہے جو سراسر ظلم اور نا انصافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شلمان میں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، سکولوں میں کوئی سہولیات نہیں ہ،ے ہسپتال نہیں، انٹرنیٹ کی کوئی سہولت نہیں، تمام بنیادی ضروریات سے محروم علاقہ ہے، سالوں بعد ایک منصوبہ منظور ہوا ہے اس کو بھی دوسرے علاقے میں منتقل کرنا شلمان قوم کے ساتھ ظلم و زیادتی ہے۔
مقررین نے دھمکی دی کہ اگر ملاگوری میں سروے بند نہیں کیا گیا تو شدید احتجاج کرتے پر مجبور ہو جائیں گے۔