”لر او بر” نعرہ وطن عزیز کیخلاف سازش ہے۔ الحاج شاہ جی گل
سابق رکن قومی اسمبلی الحاج شاہ جی گل آفریدی نے کہا ہے کہ لر او بر نعرہ وطن عزیز کیخلاف سازش ہے، اس کا مطلب یہ نہیں کہ ھم ادھر اُدھر پختون نہیں بلکہ اصل مطلب یہ سمجھتے ہیں کہ یہ نعرہ بلند کرنے والے پاکستان کو تسلیم ہی نہیں کرتے اس لئے ھم مخالفت میں نکلے ہیں اور وطن عزیز پاکستان کیخلاف ہر سازش کو ناکام بنا دیں گے چاہے ملک کے اندر ہو یا ملک سے باہر۔
نئی آبادی جمرود میں شمولیتی جلسہ گاہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الحاج شاہ جی گل نے کہا کہ ہم نے موجودہ حکومت کی مخالفت بھی اس بنیادپر کی ہے کہ ھماری معیشت تباہی کے دہانے پر آ پہنچی ہے اور اگر حکمران اس بحران پرقابو پانے سے قاصر ہیں تو فوری طور پر مستعفی ہو جائیں تاکہ ملک میں آزاد و شفاف انتخابات ہوں اور حکمرانی کے اصل حقداران عوامی ووٹ کے ذریعے منتخب ہو سکیں اور ایک مرتبہ پھر خوشحالی ہو اور ہم دیگر ممالک سے ترقی کے دوڑ میں چند قدم آگے ہو جائیں۔
انہوں نے مستجاب خاندان کے سینکڑوں جوانوں مشران کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ساتھ دے کر حوصلہ افزائی بخشی اور ان شاءاللہ دونوں منتخب ممبران صوبائی اسمبلی الحاج شفیق شیر آفریدی اور الحاج بلاول آفریدی اس سے زیادہ ترقیاتی کام علاقے میں لا کر انقلاب برپا کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے دونوں شیر عوام کے حق کیلئے اسمبلی کے فلور پر اعلیٰ حکام سے لڑتے جھگڑتے ہیں مگر عوام کا حق کسی کو ہڑپ کرنے کیلئے نہیں چھوڑتے جس پر ھم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
شمولیتی جلسے سے چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے ماحولیات الحاج شفیق شیر آفریدی، ایم پی اے الحاج بلاول آفریدی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
دوسری جانب پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن خیبر نے کہا ہے کہ ہم افغان ہیں ”لر او بر“ یو افغان کا نعرہ ہمیشہ رہے گا۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق جمرود پریس کلب میں پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن خیبر کے زیراہتمام "ہم افغان ہیں” کے زیرعنوان ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن ضلع خیبر کے صدر شاہد، اے این پی جمرود کے صدر عمر، فہیم، سیدہ جان، جوہر، چراغ، شیرین اور اختشام کے علاوہ کثیر تعداد میں پارٹی کارکنان نے شرکت کی۔
اس موقع پر شرکاء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پختون قوم جہاں بھی ہے وہ افغان تھے، افغان ہیں اور افغان رہیں گے، اب سستی شہرت حاصل کرنے اور بیرونی ایجنڈہ پر کام کرنے والے کچھ نام نہاد لوگ پختون قوم کے خلاف سرگرم ہو گئے ہیں اور اپنی تقریروں میں پختون قوم کے اس نعرہ "لر او بر یو افغان” یعنی اُدھر کے لوگ اور اِدھر کے لوگ سب افغان ہیں کے خلاف پروپیگنڈہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ان کی سازششوں کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے اور ہر پیلٹ فارم پر "لر او بر یو افغان” کے نعرے کا دفاع کریں گے اور ہم اس نعرہ کے مخالفین کے ساتھ مناظرہ کے لئے ہر وقت اور ہر جگہ پر بیٹھنے کے لئے تیار ہیں۔