مردان، جائے حادثہ زخمیوں کی امداد کیلئے آیا فوجی اہلکار گاڑی کی زد میں آ کر جاں بحق
مردان، سوات ایکسپریس وے بابوزئی انٹر چینج کے قریب ٹریفک کے دو مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق بابوزئی انٹر چینج کے قریب جب حادثے کی اطلاع قریبی آبادی کو موصول ہوئی تو مقامی لوگ امدادی کام میں حصہ لینے کے لئے موقع پر پہنچ گئے جن میں پاک آرمی کے حاضر سروس تعینات کوئٹہ ریجن حشمت علی مخالف سمت سے آنے والی گاڑی کی زد میں آ گیا اور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ پہلے حادثے میں 5 افراد زخمی ہوئے تھے جنہیں 1122 کی امدادی ٹیموں نے ایم ایم سی مردان منتقل کر دیا۔
دوسری جانب کاٹلنگ کے علاقہ چیچاڑ میں دوسرا چنگ چی رکشہ خرید کر نہ دینے پر دلبرداشتہ نوجوان نے فائرنگ کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کر دیا۔
پولیس کے مطابق 15 سالہ محمد کمال ولد ارشاد ساکن چیچاڑ کاٹلنگ نے اپنے والد کو دوسرا چنگ چی رکشہ خرید کر دینے کا کہا تھا تاہم والد کی جانب سے انکار پر محمد کمال دلبرداشتہ ہو گیا اور فائرنگ کر کے اپنی زندگی کا چراغ ہمیشہ کے لئے کر دیا۔
پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی اور مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اپر اورکزئی علاقہ بلند خیل میں پاکستان تحریک انصاف یونین کونسل صدر کے قتل کے الزام میں ٹل سکاوٹس اور اورکزئی پولیس کی مشترکہ کاروائی کے دوران چھ رکنی دہشت گرد گروہ کو بھاری و خودکار اسلحے سمیت گرفتار کر لیا گیا تھا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اسلحہ میں 8 ہینڈ گرنیڈ، فورسز وردیاں، کلاشنکوف و دیگر سامان بھی شامل ہے، دہشت گردوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مقتول آصف کو گزشتہ روز دہشت گردوں نے قتل کر دیا تھا۔
دوسری جانب پاراچنار میں ٹل پاراچنار روڈ پر فورسز کی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ایک طالب علم موقع پر جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق پاراچنار میں مین روڈ پر سی اینڈ ڈبلیو کالونی کے قریب فورسیز کی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار تین طالب علم شدید زخمی ہو گئے، زخمیوں کو طبی امداد کیلئے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پاراچنار منتقل کر دیا گیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق ایک زخمی موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا جبکہ دو زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے
ادھر ہنگو کے علاقے توغ سرائے میں محمد الیاس نامی شخص کی قتل شدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے مقتول کو قتل کر کے لاش کو ویرانی میں پھینک دیا تھا، مقتول کا تعلق علاقہ الوڑہ میلہ سے ہے جس کو مستورات کے تنازعے پر قتل کیا گیا ہے۔