لنڈیکوتل، 48 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ، ٹیوب ویلز بند، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا
ضلع خیبر لنڈیکوتل کے علاقہ پیروخیل میں بجلی کی 48گھنٹے ظالمانہ لوڈشیڈنگ کے باعث علاقے کے 22 ٹیوب ویلز بند پڑے ہیں، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق ضلع خیبر لنڈیکوتل کے علاقہ پیروخیل میں بجلی کی 48 گھنٹے ظالمانہ لوڈشیڈنگ کے باعث علاقے میں ایک ہی جگہ قائم پانی کے 22 ٹیوب ویلز بند پڑے ہیں۔
اس حوالے سے لنڈی کوتل پیروخیل کے زرو اللہ شینواری اور دیگر مکینوں نے بتایا کہ علاقہ کی خواتین اور بچے دوردراز علاقوں سے سروں پر پانی لانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بجلی دو دن ہوتی ہے اور دو دن کاٹ دی جاتی ہے جس کے باعث علاقے کے تمام پانی کے ٹیوب ویلز بند پڑے ہیں جبکہ پانی کے سٹوریج کا کوئی بندوبست نہیں ہے نہ ہی حکومت کی طرف سے علاقہ پیروخیل میں کسی بڑے پانی منصوبہ پر کام ہوا ہے جس کے باعث پانی کے حصول میں مزید مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
علاقہ پیروخیل کے عوام نے منتخب نمائندوں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری، سینیٹر الحاج تاج محمد آفریدی، ممبر صوبائی اسمبلی شفیق شیر آفریدی، ممبر صوبائی اسمبلی بصیرت بی بی، ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر محمود اسلم وزیر اور دیگر ذمہ دار حکام سے مطالبہ کیا کہ علاقہ پیروخیل میں بجلی کے ظالمانہ لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے عملی اقدامات کریں اور علاقے میں ایک ہی جگہ پر قائم 22 پانی کے ٹیوب ویلز پر سولر سسٹم اور پانی کے سٹوریج کے لئے ٹینکی بنائی جائے تاکہ علاقے کے عوام کی مشکلات میں کمی آ سکے۔