”ترقیاتی کاموں میں باڑہ کی تمام اقوام کو برابری اور میرٹ کی بنیاد پر ترجیح دیں گے”
ضلع خیبر، پارلیمانی سیکرٹری برائے سیفران و رکن قومی اسمبلی حاجی اقبال آفریدی نے کہا ہے کہ تیراہ جیسے پسماندہ اور دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کر کے میرٹ پر ترقیاتی کام کریں گے، باڑہ کے عوام کو چھ گھنٹے کی مسلسل ترسیل کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے اور ترقیاتی کاموں میں باڑہ کی تمام اقوام کو برابری اور میرٹ کی بنیاد پر ترجیح دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے باڑہ میں کھلی کچہری کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا، کھلی کچہری میں مختلف اداروں پبلک ہیلتھ، ایجوکیشن، ایری گیشن، سی اینڈ ڈبلیو، محکمہ صحت اور واپڈا کے ذمہ داران نے شرکت کی۔
اس موقع پر عوام نے مسائل کے انبار لگاتے ہوئے تمام محکموں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل حل نہیں ہو رہے، ترقیاتی اسکیمیں صرف کاغذات تک اور زبانی جمع خرچ تک محدود ہیں جبکہ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دو سال سے زائد کا عرصہ گزارنے والے افسران کو فوری تبدیل کیا جائے۔
کھلی کچہری کے دوران محکمہ ایجوکیشن نے اپنی کارکردگی پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سال پانچ ہائی سکولوں کو ہائیر سیکنڈری، تین پرائمری سکولوں کو مڈل اور آٹھ نئے پرائمری سکول منظور کئے گئے، پچاس میں بتیس سکولوں پر کام شروع ہے جن میں پندرہ سکولوں پر کام مکمل کر لیا گیا جن میں تیراہ کے چار سکول شامل ہیں، آر آر یو کی جانب سے بارہ سکولوں پر کام جاری ہے، دہشتگردی سے متاثرہ سکولوں پر کام جاری ہے اور ایک سو پچیس سکولوں میں ایڈیشنل کمرے تعمیر کئے جا چکے ہیں۔
پبلک ہیلتھ کے نمائندے نے کہا کہ ان کے محکمہ کی جانب اٹھائیس سکیمیں منظور کی گئیں جن میں تیراہ کو پانچ سکیمیں دی گئیں، اے ای پی انتیس اسکیمیں منظور ہو چکی ہیں جن میں تئیس باڑہ اور چھ تیراہ کیلئے مختص کی گئی ہیں۔
سی اینڈ ڈبلیو کے نمائندے نے کہا کہ علاقے کی ترقی کیلئے باڑہ اور تیراہ میں روڈوں کی تعمیر جاری ہے، ارہنگہ سے چھ چوک تیراہ کے روڈ کو بارہ سے چوبیس فٹ کشادہ کیا جا رہا ہے، مالگو روڈ باڑہ پر جلد پل کی تعمیر شروع کر دی جائے گی، حیدر کنڈاؤ سے ترے تنگہ روڈ جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
محکمہ صحت کے نمائندے نے کہا تیراہ میں بڑا ہسپتال تعمیر ہو رہا ہے، کام سست روی کا شکار ہے اور اس کی کئی وجوہات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے مختلف علاقوں میں CHC اور CHU مکمل کی جا رہی ہیں۔
محکمہ آبپاشی کے نمائندے نے کہا کہ باڑہ میں ایریگیشن چینل اور تیراہ اور باڑہ میں چیک ڈیم، زرعی ٹیوب ویل اور برساتی نالوں پر حفاظتی پوشتوں پر کام جاری ہے۔
واپڈا نے کہا کہ باڑہ میں لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، نئے فیڈروں کی تنصیب سے سپین قبر، کلنگہ، زاویہ میرا آکاخیل میں اوورلوڈنگ کا مسئلہ حل ہو جائے گا تاہم عوام بھی بجلی کے استعمال میں احتیاط کریں اور غیر ضروری استعمال سے گریز کریں، مختلف اداروں نے علاقے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی بندش کو حکومت کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی قرار دیا۔
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصدِ عوام کے مسائل حل کرنا ہے اور اس کا تسلسل جاری رکھیں گے۔