خیبر، وادی تیراہ کی قوم اکاخیل کا انسداد پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان
ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کے دورافتادہ اور پسماندہ علاقے وادی تیراہ قوم اکاخیل درس جماعت کے عوام نے پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق مسمارشدہ گھروں کے سروے، موبائل سروس نہ ہونے اور دیگر درپیش مسائل کے خلاف پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مقامی لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر پولیو سے بائیکاٹ کے نعرے بھی درج تھے۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقریرین نے کہا کہ اکیسویں صدی میں بھی ہم تعلیم، صحت، موبائل سروس، پانی، سڑکوں اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات و ضروریات سے محروم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شدت پسندی کے دوران ہمارے گھر تباہ ہوئے ہیں، اس سخت سردی میں ہم اب بھی کھلے آسمان تلے زندگی گزار رہے ہیں، ابھی تک ہمارے مسمار شدہ گھروں کا سروے تک نہیں ہوا ہے جو کہ سراسر زیادتی ہے، ”منتخب نمائندے ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں۔”
مظاہرین نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ہمارے مطالبات نہیں مانے جاتے تب تک ہم آنے والی پولیو مہم سے مکمل طور پر بائیکاٹ کرتے ہیں اور یہ سلسلہ مطالبات نہ ماننے تک جاری رہے گا۔