قبائلی اضلاع

خیبر، لنڈی کوتل میں برف باری نے پچاس سالہ ریکارڈ توڑ دیا

خیبر محراب شاہ آفریدی

ضلع خیبر کے صدر مقام لنڈی کوتل میں ریکارڈ ساز برف باری، پچاس سال کا ریکارڈ توڑ دیا، درجہ حرارت منفی چھ پر پہنچ گیا لوگ گھروں تک محدود ہو گئے۔

2013 میں بھی ضلع خیبر کے صدر مقام لنڈیکوتل کے پہاڑوں اور زمین پر برف باری ہوئی تھی لیکن وہ مختصر وقت کے لئے زمین پر ٹھہر سکی جبکہ پچاس سال پہلے اس طرح کی بھاری برف ہو چکی تھی جس کا ریکارڈ موجودہ برف باری نے توڑ دیا۔

لنڈی کوتل میں اتوار کے روز صبح سویرے برف باری شروع ہوئی اور چند ہی لمحوں میں پہلے پہاڑوں نے اور بعد میں زمین نے بھی سفید چادر اوڑھ لی، برف باری کے ساتھ سرد اور تند و تیز ہواؤں نے موسم کی شدت میں اضافہ کر دیا تاہم ہر عمر کے لوگ جن میں بچے بھی شامل ہیں، اپنے موبائل لیکر فوٹو گرافی کرانے گھروں سے نکلے حالانکہ میڈیا کے ذریعے لوگوں کو بتا دیا گیا تھا کہ بارش، برف باری اور سردی میں شدت کے باعث گھروں کے اندر محدود رہیں۔

دوسری طرف سیاح گاڑیاں لے کر لنڈی کوتل کی طرف چل پڑے جس کی وجہ سے مختلف مقامات پر سیاحوں کا کافی رش نظر آیا اور کئی جگہوں پر تو گاڑیوں کے پھسلنے کی خبریں بھی موصول ہوئیں تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

برف باری کے اس موسم میں لوگوں نے مختلف قسم کے کھانوں سے لطف اندوز ہونے کا انتظام کیا اور محافل گرم کر دیئے۔

مقامی اور غیر مقامی لوگوں نے سوشل میڈیا کے لئے تصاویر اور ویڈیوز بنانے پر بھی خصوصی توجہ مرکوز رکھی اور موجودہ برف باری کے نتیجے میں لنڈی کوتل سب ڈویژن سوشل میڈیا پر چھایا رہا تاہم اس شدید سردی میں غریب لوگ انتہائی پریشان ہیں جن کے گھروں میں لکڑی جلانے کا بھی کوئی انتظام نہیں۔

مقامی لوگوں نے بجلی نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے جبکہ محکمہ صحت کے حکام نے نمونیہ اور سینے کی بیماری سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر اور گھروں کے کمروں کو گرم رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ شروع ہے جس کے باعث موسم خوش گوار اور کہیں سرد ہو گیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button