ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لنڈی کوتل میں بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج
ضلع خیبر لنڈیکوتل ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں بجلی کی 12گھنٹے لوڈشیڈنگ کے خلاف ہسپتال میں ڈاکٹرز اور دیگر عملے نے احتجاج کے دوران اوپی ڈی بند کر دیا۔
احتجاج کے موقع پر ہسپتال کے اوپی ڈی بند کر دی گئی، علاج کے لئے آئے ہوئے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ہسپتال عملہ کا کہنا ہے کہ لنڈی کوتل ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر میں ناروا لوڈشیڈنگ کے باعث ہسپتال میں مریضوں کا داخلہ بند کر دیاگیا ہے جس کے باعث زیادہ تر مریضوں کو پشاور اور دیگر ہسپتالوں کو منتقل کرتے ہیں جبکہ ہسپتال کے لیبر روم میں زچہ بچہ کیسز کے زیادہ مریضوں کو پشاور ہسپتال منتقل کرتے ہیں ہسپتال میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور سردی کے باعث ہسپتال کے لیبر روم میں کئی بچے جاں بحق ہو گئے ہیں جوکہ افسوس کا مقام ہے ہسپتال کے ڈاکٹرز اور دیگر عملے نے کہا کہ اگر لنڈی کوتل ہسپتال میں بجلی کا ظالمانہ لوڈشیڈنگ ختم نہ کی گئی تو ہسپتال کو غیر معینہ مدت تک احتجاج کے طور پر بند کرینگے اور بجلی کے لوڈشیڈنگ کے خاتمے تک احتجاج جاری رہے گا.
لنڈی کوتل ہسپتال کلاس فور ملازمین کے صدر خیال مدار شینواری نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیرنورالحق سنیٹر الحاج تاج محمد آفریدی ممبر صوبائی اسمبلی شفیق شیر آفریدی ممبر صوبائی اسمبلی ویلسن وزیر اور ٹیسکو کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ لنڈی کوتل ہسپتال کو 20 گھنٹے کی بجلی فراہم کی جائے تاکہ ہسپتال کے سٹاف اور علاج کے لئے آئے ہوئے مریضوں کے مشکلات میں کمی آجائے اور ان کی علاج معالجہ بہتر طریقے سے ہو جائے۔