خاصہ دار لیویز اہلکاروں کی ملازمت کا معاملہ، ٹاسک فورس کمیٹی تشکیل
خاصہ دار لیویز اہلکاروں کی ملازمت کے معاملے کو نمٹانے کے حوالے ٹاسک فورس کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔
ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ و قبائلی امور خیبر پختونخوا نے سابقہ فاٹا کے خاصہ دار لیویز اہلکاروں کی ملازمت کے معاملے کو نمٹانے کے حوالے ٹاسک فورس کمیٹی تشکیل دی ہے جس کے لئے نوٹیفکیشن باقاعدہ طور پر جاری کر دیا گیا ہے۔
مراسلہ کے مطابق ٹاسک فورس کمیٹی چار ممبران پر مشتمل ہو گی جس کی سربراہی سپیشل سیکرٹری داخلہ محمد آصف کریں گے۔
اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس فورس میں انضمام سے رہ جانے والے خاصہ دار/لیویز کی اپیلوں/درخواستوں کی جانچ پڑتال کرے گی جو مختلف وجوہات کی بناء پر کے پی پولیس میں ضم نہیں کئے گئے تھے، ٹاسک فورس کمیٹی کی جانچ پڑتال کے بعد سفارشات پر مبنی رپورٹ متعلقہ فورم کو پیش کرے گی۔
واضح رہے کہ کمیٹی صوبائی کابینہ کی منظوری پر تشکیل دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ امسال فروری کے آغاز میں قبائلی اضلاع کی لیویز وخاصہ دار فورس پولیس میں ضم کر دی گئی تھی۔
محکمہ پولیس خیبر پختونخوا نے قبائلی ضلع اورکزئی، باجوڑ، بیٹنی اور درہ آدم خیل کی لیویز و خاصہ دار فورس کو پولیس میں ضم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا۔