ضلع خیبر میں جلد 221 پوسٹوں کا اعلان، 51 لاکھ پودے لگائیں گے۔ اشتیاق ارمڑ
ضلع خیبر، صوبائی وزیر ماحولیات، جنگلات و جنگلی حیات محمد اشتیاق ارمڑ نے کہا ہے کہ اگلے سال خیبر میں 51 لاکھ پودے لگائیں گے، حکومت قبائلیوں کے مسائل اور مشکلات سے آگاہ ہے، موجودہ حکومت قبائلیوں کے دیگر مسائل تعلیم، صحت سمیت تمام بنیادی ضروریات پر توجہ دے رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے باڑہ اکاخیل کے دورہ کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب میں کیا۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی شفیق افریدی، ذپٹی کمشنر خیبر محمود اسلم، تحصیلدار باڑہ غنچہ گل، تاجران رہنماء سید ایاز وزیر اور حاجی گل مین شاہ آفریدی، قبائلی ملکان چیف آف اکاخیل ملک ظاہر شاہ، صدارتی ایوارڈ یافتہ ملک محمد امین اور مختلف ڈپارٹمنٹ کے افسران موجود تھے۔
اس موقع پر موجودہ حکومت کی خیبر میں جاری سالانہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ مقامی مشران اور ممبر صوبائی اسمبلی شفیق آفریدی نے مطالبہ کیا کہ باڑہ سے لے کر وادی تیراہ تک کافی بنجر زمین ہے جہاں پر پلانٹیشن کی ضرورت ہے لیکن وہاں پر یوکلیپٹس (لاچی) کی بجائے پھلدار اور مفید درخت لگائے جائیں تاکہ علاقہ خوب ترقی کرے اور عوام کی تقدیر بدل جائے۔
تاجروں نے تجارتی سرگرمیوں کو فروع دینے کے لئے مکمل سہولیات اور پیکج کا مطالبہ کیا، اس کے ساتھ ساتھ مختلف محکموں، ہیلتھ، ایریگیشن، تعلیم و دیگر سے متعلق مسائل ان کے سامنے رکھ دیئے جس پر صوبائی وزیر محمد اشتیاق ارمڑ نے کہا کہ قبائل دہشت گردی کے دوران جن حالات سے گذر چکے ہیں حکومت کو اس کا احساس ہے، قبائلیوں کی قربانیاں ملکی سلامتی اور دفاع کیلئے ہیں، انضمام سے قبل ضم اضلاع کا اپنا جرگہ سسٹم موجود تھا جو انصاف کی فراہمی کا تیز اور آسان ذریعہ تھا جس کے ذریعے فیصلے دنوں میں ہوتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات خیبر میں 221 پوسٹوں کا جلد اعلان ہو گا، 24 لاکھ لوگوں کو چار سال میں روزگار دیں گے جبکہ خیبر میں اگلے سال 51 لاکھ پودے لگائیں گے جس سے علاقے میں خوشحالی آئے گی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ جنگلات لگانے سے علاقے کی تقدیر بدل جائے گی، پاکستان ہر قسم کے وسائل سے مالا مال ہے لیکن بہترین قیادت کی ضرورت ہے جس کے لئے عوام حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
انہوں نے کہا کہ تیز رفتار ترقی سے آنے والا وقت خوشحالی اور ترقی کا ہے، آج کل قبائل اپنے پاؤں پر کھڑے ہیں، عمران خان کو قبائلیوں کے ساتھ محبت ہے، قبائلوں کے تمام مسائل حکومت کے ترجیحات میں شامل ہیں۔