قبائلی اضلاع

پی ٹی آئی حکومت سے تنگ کرم کے قبائلی سردار پیپلز پارٹی میں شامل

ضلع کرم کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں قبائلی سرداروں نے پی ٹی آئی حکومت سے تنگ آ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی، پی پی پی کے رکن قومی اسمبلی ساجد طوری نے انہیں خوش آمدید کہہ اور انہیں پیپلز پارٹی کی ٹوپیاں پہنائیں۔

اس سلسلے میں پاراچنار کے طوری ہاؤس میں گرینڈ شمولیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع کرم کے تینوں ڈویژنوں اپر لوئر اور سنٹرل کرم سے بڑی تعداد میں قبائلی سرداروں اور جوانوں نے پی ٹی آئی چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔

پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی ساجد طوری نے نئے شامل ہونے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور انہیں پیپلز پارٹی کی ٹوپیاں پہنائیں۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے سابق امیدوار برائے این اے 46 ملک عبدالغفار خان چمکنی، ملک کندانی خان، ملک رشید زمان بوشہرہ، ملک فضل خالق، ایوب مینگل، رفیع اللہ چمکنی اور دیگر نے کہا کہ وہ پی ٹی آئی حکومت سے تنگ آ کر پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں، پی ٹی آئی حکومت سے انہیں بہت سی امیدیں تھیں مگر انہیں سوائے مایوسی کے کچھ نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی امن کی علامت ہے اور قبائلی عوام کیلئے نجات کا واحد راستہ پیپلز پارٹی ہی ہے، تبدیلی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں اور عمران خان ملک میں قادیانیت اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے راہ ہموار کر رہا ہے۔

تقریب سے خطاب میں پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی ساجد طوری، ضلعی صدر جلال بنگش، سینئر وائس پریذیڈنٹ حاجی جمیل طوری، جنرل سیکٹری مسلم حسین، سینئر رہنما ڈاکٹر عارف طوری، ممتاز بھائی، عنایت حسین طوری، ملک نیاز محمد اور دیگر نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ نہ صرف قبائلی اضلاع بلکہ پورے پاکستان کے عوام موجودہ حکومت کی ناکام حکمت عملی کے باعث دلبرداشتہ ہو چکے ہیں اور ان کیلئے پیپلز پارٹی ہی نجات کی کشتی بن چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے طوفان نے غریب عوام کے منہ سے نوالہ چھین لیا ہے اور عوام فاقوں سے تنگ آ کر خودکشیاں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیازی حکومت کے تمام دعوے جھوٹ پر مبنی تھے، پچاس لاکھ گھر، ایک کروڑ نوکریاں دینے کی بجائے لوگوں کو بے گھر اور بے روزگار کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کرنا عمران خان کے بس کی بات نہیں، کپتان اپنی کرکٹ کھیلیں۔

انہوں نے این اے 45 میں منیر اورکزئی کے انتقال کے بعد خالی ہونے والی نشست پر جلد از جلد الیکشن کرانے کا بھی مطالبہ کیا، پی ڈی ایم کے قیام سے موجودہ حکومت کی نیندیں اڑ گئی ہیں اور وہ بری طرح سے خواس باختہ ہو چکی ہے، انشاء اللہ آنے والا دور پیپلز پارٹی کا دور ہو گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button