قبائلی اضلاع

وانا، پارکنگ ٹیکس کیخلاف قوم گنگی خیل کا کسٹم کے سامنے احتجاجی دھرنا

پاک افغان بارڈر انگور اڈہ میں قوم گنگی خیل نے پارکنگ ٹیکس کے حوالے سے کسٹم کے سامنے احتجاجی دھرنا دیدیا، گیٹ پر دونوں اطراف سینکڑوں کی تعداد میں سامان سے بھرے ٹرک گزشتہ کئی دنوں سے کھڑے ہیں۔

احتجاجی مظاہرے میں قوم گنگی خیل کے سرکردہ عمائدین سمیت کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ملک سیدر انور گنگی خیل، شہزاد خان، ارسل خان اور خان ملوک نے کہا کہ ہماری ذاتی ملکیتی پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں سے مختلف ادارے ٹیکس لیتے ہیں، ہمیں کہتے ہیں کہ آپ لوگ ٹیکس نہ لیں، اس بابت قوم گنگی خیل نے کہا کہ ہم بالکل ٹیکس نہیں لینگے لیکن حکومت کو چاہئے کہ ہمیں اپنی ملکیت واپس دے۔

ملک سیدر انور نے کہا کہ جب تک حکومت اپنی ملکیت واپس نہ کرے تب تک ہمارا احتجاجی دھرنا جاری رہے گا۔

ملک خان ملوک نے کہا کہ مذکورہ ملکیت کی مد میں سکاؤٹس فورس اور ضلعی انتظامیہ سے تحریری معاہدہ ہو چکا ہے پھر بھی حکومت ہمیں اجازت نہیں دیتی جو افسوسناک ہے۔

دوسری جانب نام نہ بتانے کی شرط پر کسٹم ایجنٹ نے میڈیا کو بتایا کہ انگور اڈہ پر اپنے مفادات کی خاطر سکاؤٹس فورس، ضلعی انتظامیہ اور پولیس فورس باہم دست و گریبان ہیں جس کی وجہ سے احمدزئی وزیر قوم کو روزانہ کروڑوں کا نقصان ہو رہا ہے جس پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، کور کمانڈر پشاور اور آئی جی ایف سی ساؤتھ نے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

کسٹم ایجنٹ نے یہ بھی بتایا کہ مذکورہ پارکنگ میں سکاؤٹس فورس 30 فیصد فی ٹرک سے ٹیکس لیتا ہے۔

قوم گنگی خیل نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ مسئلے کا فوری طور پر حل نکالتے ہوئے حالات کو مزید خراب ہونے سے بچایا جائے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button