خیبر، ماربل ٹیکس میں اضافے کیخلاف قومی اتحاد اور ٹرک مالکان کا احتجاج
ملاگوری میں محکمہ معدنیات کی جانب سے ماربل پر ٹیکس میں اضافے کے خلاف قومی اتحاد اور مقامی ٹرک مالکان نے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے اور اس اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق ملاگوری کے علاقے ماربل چوک میں ہوئے احتجاجی مظاہرے کی قیادت قومی اتحاد کے صدر سجاد خان، چیئر مین ابوالحسن صادق، جنرل سیکرٹری سبز علی ملاگوری، حاجی مشتاق احمد اور نصیب خان کر رہے تھے۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور سیاہ جھنڈے اُٹھائے رکھے تھے جبکہ اس موقع پر محکمے کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی گئی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ محکمہ معدنیات نے چھوٹے پتھر پر ٹیکس میں فی ٹرک 300 روپے سے بڑھا کر 500 روپے کر دیا ہے جبکہ بلاک چٹان پر فی ٹرک 1800 روپے بڑھا دیئے گئے ہیں جو سراسر ظلم ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ پہلے سے ہی اس کاروبار میں خسارے میں ہے مگر اب ٹیکس میں اضافہ کے بعد وہ اس کاروبار کو خیر آباد کہہ دیں گے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ اس غلط فیصلے کی وجہ سے اپنے بچوں کیلئے مزدوری کی بجائے سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔
بعدازاں مظاہرین سے بات چیت کیلئے تحصیل دار ملاگوری عامر شہزاد موقع پر پہنچے جن کے ساتھ کامیاب مذاکرات پر مظاہرین پُرامن طور پر منتشر ہو گئے۔