خیبر یونین کی تقریبِ حلف برداری، ”انضمام کیخلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے”
ضلع خیبر، خیبر یونین پاکستان اور خیبر سٹوڈنٹس یونین کی حلف برداری تقریب باڑہ میں خیبر یونین کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی، تقریب میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علاقائی و دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
خیبر یونین کی نو منتخب کابینہ سے سابقہ صدر بازار گل نے حلف لیا اور ساتھ میں خیبر یونین آرگنائزر اور کابینہ کو مبارکباد پیش کی۔
خیبر یونین کی حلف برداری تقریب میں سابق مرکزی صدر بازار گل، سابق جنرل ایس مراد ساقی، خیبر یونین صدر مجیب آفریدی، جنرل سیکرٹری زاہد آفریدی، سنئیر نائب صدر ہاشم آفریدی، حارث آفریدی، سینئر رہنماء ذرعون شاہ آفریدی، چیف آرگنائزر کامران آفریدی اور دیگر شامل تھے۔
تقریب کے موقع پر مقررین نے اپنے خطاب میں فاٹا انضمام کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا کے عوام سے پوچھے بغیر کسی بھی قسم کی تبدیلی اور فیصلے ہمیں نامنظور ہیں اور انضمام کیخلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر یونین کی مثال ایک مدرسے یا اکیڈمی کی ہے جس سے بڑے بڑے نام کے لوگ آگے جا کر آج بھی قوم کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
مقررین نے سیاسی پارٹیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بعض لوگ ابھی بھی یہ کہتے ہیں کہ خیبر یونین نے فاٹا کے لئے کام نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ خیبر یونین نے فاٹا میں آپریشن کے خلاف آواز اٹھائی اور پشاور ہائی کورٹ میں رٹ دائر کی۔ خیبر یونین کے شرکاء نے خیبر یونین کے اہداف پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے مطابق علاقے کے حقوق اور اسمبلی فلور پر قبائلیوں کے علیحدہ تشخص اور پیچان کیلئے آواز اُٹھا کر الگ صوبے کا حصول شامل ہے۔