”ضلع خیبر میں اساتذہ کی کمی پورا کرنے کیلئے 573 اساتذہ بھرتی کر رہے ہیں”
ضلع خیبر کے ایجوکیشن آفیسر نثار محمد نے کہا ہے کہ اساتذہ کی کمی پوری کرنے کیلئے 573 اساتذہ کی بھرتی کر رہے ہیں۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق ضلع خیبر کی تحصیل ملاگوری میں واقع گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول پائندی للمہ میں نادار طلبہ میں بستے اور کپڑے تقسیم کرنے کیلئے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خیبر نثار محمد تھے۔
اس موقع پر اے ڈی ای او (پی اینڈ ڈی)شندی گل آفریدی، سکول آفیسرز ایسو سی ایشن کے صدر عبدالرحمن، سکول پرنسپل شاہد خان، وائس پرنسپل محمد عثمان، ہائی سکول لوڑہ مینہ کے پرنسپل خلیل الرحمن، سکول کے اساتذہ کرام اور طلبہ بھی موجود تھے۔
تقریب سے اپنے خطاب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نثار محمد نے کہا کہ ضلع خیبر کے سرکاری سکولوں کے مسائل کے حل کیلئے فوری اور بروقت اقدامات کر رہے ہیں، پیرنٹ ٹیچرز کونسل کی مد میں 44 کروڑ روپیہ خرچ کئے جا رہے ہیں جبکہ سرکاری سکول کے نادار طلباء کو مفت کتب، فرنیچر اور وظائف فراہم کر رہے ہیں تاکہ سرکاری سکولوں کے طلباء بھی تعلیم حاصل کر کے ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے طلباء کا وقت ضائع ہو چکا ہے جس کی وجہ پڑھائی بھی شدید متاثر ہو چکی ہے۔
نثار محمد نے سکول کیلئے فرنیچر کی کمی کو ایک ہفتہ کے اندر اندر پورا کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ضلع بھر کے سکولوں کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں اور ان مسائل کے حل کیلئے اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے والدین سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بچوں کا وقت قیمتی بنانے اور طلباء کی حاضری یقینی بنانے کیلئے تعاون کریں۔
اس موقع پر انہوں نے پرائمری سیکشن میں پی ٹی سی فنڈز سے مکمل شدہ پانی کے کنویں کا افتتاح بھی کیا اور سٹاف، طلباء کی حاضری چیک کی اور پڑھائی کے عمل کا بھی جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔
آخر میں مہمان خصوصی نثار محمد نے سکول کے طلباء میں بستے، ستوری دہ ملاگوری میگزین اور نادار طلباء میں کپڑے بھی تقسیم کئے۔