صوبائی وزیر بلدیات کا دورہ باڑہ، دس خواتین دستکاری سنٹرز قائم کرنے کا اعلان
صوباٸی وزیر بلدیات, انتخابات و دیہی ترقی اکبر ایوب خان نے ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کا دورہ کیا ہے اور مختلف مسائل سے آگاہی حاصل کرتے ہوئے موقع پر احکامات جاری کئے۔
اس سلسلے میں تحصیل باڑہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اکبر ایوب خان نے کہا کہ موجودہ حکومت پہلی بار اس روایت کو یقینی بنا رہی ہے کہ تمام تر ترقیاتی کام عوامی مشاورت اور ان کو اعتماد میں لے کر کئے جائیں، موجودہ حکومت قباٸلی اضلاع کی ترقی و خوشحالی پر خاص توجہ دے رہی ہے۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر محمود اسلم وزیر, ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد ریاض, اسسٹنٹ کمشنر باڑہ نیک محمد کے علاوہ قومی و سماجی مشران بھی شریک ہوۓ، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ضلع خیبر میں جاری مکمل و شروع ہونے والے تمام منصوبوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔
صوباٸی وزیر نے کہا کہ صوباٸی وزراء کا قباٸلی اضلاع کے خصوصی دورے وزیر اعظم پاکستان جناب عمران خان و وزیر اعلی خیبر پختونخوا جناب محمود خان کی دلی خواہش اور ان کی خاص ہدایات کی روشنی میں کئے جا رہے ہیں، قباٸلی عوام بھی بہت جلد تبدیلی کے ثمرات دیکھ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قباٸلی اضلاع کے انضمام کے مرحلے بطریق احسن نبھانا ایک بہت بڑا چیلنج تھا جس کو موجودہ حکومت کامیابی کے ساتھ آگے بڑھا رہی ہے، موجودہ حکومت قباٸلی اضلاع کو ملک کے دیگر علاقوں کے برابر لانے کیلئے تین سالہ تیز تر ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ دس سالہ ترقیاتی پروگرام پر بھی عمل پیرا ہے۔
تبعدازاں صوباٸی وزیر نے تقریب میں شریک قومی و سماجی مشران کے مساٸل سنے اور موقع پر ڈپٹی و اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کر دیں۔
صوباٸی وزیر نے تحصیل میونسپل ایڈمنیسٹریشن کو باڑہ بازار میں صفاٸی ستھراٸی، پینے کا پانی اور واش رومز مہیا کرنے کے احکامات جاری کئے اور لوگوں سے مقامی نوکریوں پر مقامی لوگوں کو بھرتی کرنے کا بھی وعدہ کیا۔
صوباٸی وزیر نے باڑہ پریس کلب کے علاوہ باڑہ تحصیل میں اسٹیٹ آف دی آرٹ جرگہ حال بنانے کے لئے اقدامات اٹھانے کا بھی وعدہ کیا اور تیراہ باغ بازار کی وسعت کے علاوہ وہاں پر میونسپیلٹی کی سرگرمیوں کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ شین کمر ٹو مستک روڈ پر تیزی سے کام ہو رہا ہے، اس کے علاوہ باڑہ ڈیم پر کام مکمل ہونے سے نا صرف باڑہ میں شارٹ فال پر قابو پا لیا جائے گا بلکہ یہاں سے تیراہ میدان کو بھی بجلی کی فراہمی یقینی ہو جائے گی۔
اس موقع پر صوباٸی وزیر بلدیات و دیہی ترقی اکبر ایوب خان نے گورنمنٹ ڈگری کالج کوہی شیر حیدر کی اپگریڈیشن, اس میں سیکینڈ شفٹ کلاسسز کے اجراء، زنانہ کیلئے الگ کالج کے قیام کے علاوہ تمام سکولوں کو اپ گریڈ کرنے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھانے کے ساتھ ساتھ ڈوگرہ ہسپتال کے مساٸل حل کرنے اور ڈاکٹرز و ٹیچرز کی فراہمی بارے عوام کو اعتماد میں لیا۔
انہوں نے تحصیل باڑہ میں دس خواتین دستکاری سنٹرز کے قیام کا بھی باقاعدہ اعلان کیا، صوباٸی وزیر بلدیات و دیہی ترقی نے عوام سے موقع پر جاری کردہ احکامات کی بارآوری و دیگر ترقیاتی منصوبوں کو خود مانیٹر کرنے کا بھی وعدہ کیا۔