”باجوڑ کو منشیات سے پاک صاف رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے”
ٹرائبل یوتھ موومنٹ کے سینئر نائب صدر مصباح الدین اتمانی نے کہا ہے کہ آئس اور دیگر منشیات کا بڑھتا ہوا رحجان روکنے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
ٹرائبل یوتھ موومنٹ کے زیراہتمام گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول گردئی باجوڑ میں ائس اور دیگر منشیات کے حوالے سے آگاہی سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مصباح الدین نے کہا کہ ضلع باجوڑ میں آئس اور دیگر منشیات جس تیزی سے پھیل رہی ہیں وہ ہم سب کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ باجوڑ کو ائس اور منشیات سے پاک صاف رکھنا ایک فرد یا ادارے کی نہیں بلکہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اگر ضلع باجوڑ میں اس پر بروقت قابو پانے کیلئے سنجیدہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے تو مستقبل میں اس لعنت سے چھٹکارہ حاصل کرنا ناممکن ہو جائے گا۔
سیمینار سے اپنے خطاب میں مقامی مشر مولانا خانزیب، انجینئر خائستہ محمد اور دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ طلباء اپنے معاشرے اور گردوپیش پر نظر رکھیں، اگر کوئی شخص ایسے غیر قانونی کاروبار میں مبتلا ہے تو ان کو رپورٹ کریں، والدین اور اساتذہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں کہ ان کا اٹھنا بیٹھنا کن کے ساتھ ہے، آئس اور دیگر منشیات کی لت میں مبتلا افراد سے نفرت کی بجائے ان کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھائیں۔
اس موقع پر مشترکہ طور پر ایک قرارداد بھی منظور کی گئی جس میں ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ تعلیمی نصاب میں منشیات کی آگاہی کے حوالے سے ہر جماعت میں کم از کم اک چپٹر لازمی طور پر شامل کیا جائے اور حکومت کو چاہیے کہ اس لعنت سے متاثرہ افراد کے مفت علاج کے لیے جلد از جلد نہ صرف سنٹر کا قیام عمل میں لائے بلکہ اُن کی صحت یابی تک ان کے ساتھ مالی تعاون بھی کرے۔
قرارداد میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ تمام ملوث اور ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے تاکہ دیگر لوگوں کے لیے نشان عبرت بن جائیں،آئین پاکستان کی رو سے تعلیمی اداروں کے گردونواح میں منشیات کی خرید و فروخت اور استعمال پر پابندی کے لیے جو حدود مقرر ہیں ان پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
سیمینار کے اختتام پر سپیکرز، شرکاء اور ٹرائبل یوتھ موومنٹ کے ممبران میں شیلڈز اور ایوارڈز بھی تقسیم کی گئے۔