ضلع خیبر، ”زکواۃ فنڈ سے نقد پیسے نہیں مریضوں کا علاج کیا جائے گا”
ضلع خیبر زکواۃ کمیٹی کے چئیرمین مولانا احسان اللہ جنیدی نے کہا کہ ضلع خیبر میں 86 کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں جو ٹوٹل 2614 مریضوں میں فی کس 12000 روپے کے حساب سے 3 کروڑ 65 لاکھ روپے تقسیم کریں گی۔
لنڈی کوتل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا احسان جنیدی نے کہا کہ ہسپتالوں کو بیڈز کے حساب سے چیکس دیے گئے ہیں، لنڈی کوتل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو پانچ لاکھ، جمرود سول ہسپتال کو دو لاکھ چھیاسی ہزار اور باڑہ ہسپتال کو تین لاکھ روپے کے چیکس دیئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ فندز کو مریضوں پر خرچ کرنے کیلئے ہسپتالوں کے ساتھ کمیٹی قائم کی گئی جس میں تین ڈاکٹر ہوں گے اور ایک شخص زکواۃ چیئرمین کی طرف سے ہو گا، زکواۃ سے کسی کو نقد رقم نہیں دی جائے گی بلکہ ان کا علاج معالجہ کیا جائے گا جبکہ بڑی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کا علاج خیبر پختونخواہ کے دوسرے ہسپتالوں میں بھی کیا جائے گا۔
مولانا احسان اللہ جنیدی نے کہا کہ ہسپتال جب فنڈ سے مریض کیلئے دکان سے میڈیسن خریدے گا تو پہلے ٹینڈر کرکے اس کے بعد ایک میڈیسن دکان کے ساتھ معاہدہ پر دستخط کرے گا، معاہدے کے مطابق اس دکان سے صرف دوائی لی جائے گی اور ہر تین مہینے بعد ان کا آڈٹ بھی کیا جائے گا، اس میں کسی قسم کی کرپشن نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں قائم کیمٹیاں اور چیئرمین کسی شخص کو نقد رقم کیلئے نہ بھیجے کیونکہ کسی کو بھی نقد رقم نہیں دی جائے گی بلکہ غریب اور مستحق مریضوں کو بھیجیں تاکہ ان کا علاج صحیح طریقے سے ہو سکے۔
مولانا احسان اللہ جنیدی نے کہا کہ کینسر، گردوں، یرقان اور دل کے مریضوں کا آپریشن اور ان کا علاج دوسرے ہسپتالوں میں بھی کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ زکواۃ چیئرمین کا دفتر پہلے پشاور میں تھا لیکن اب غریب لوگوں کیلئے دفتر جمرود میں کھول دیا گیا تاکہ ضلع خیبر کے لوگوں کو آسانی ہو۔
پریس کانفرنس کے موقع پر ان کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء زاکر علی شینواری، عثمان غنی آفریدی اور بلال آفریدی بھی موجود تھے