پاڑا چنار میں پولی ٹیکنیک انسٹیٹوٹ کا افتتاح
ضلع کرم پاڑا چنار میں پولی ٹیکنیک انسٹیٹیوٹ کا افتتاح کردیا گیا، اب قبائلی اضلاع نوجوان ہنر مند بن کر اندورن ملک اور بیرون ممالک میں باعزت روزگار کریں گے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر زرغون شاہ ادارے کے پرنسپل کامران بنگش ، پروفیسر نواب علی نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کے لئے یہ ایک بڑی خوشخبری ہے اب اس ادارے سے لوگ ہنر سیکھیں گے الیکٹریکل اور سول سے پچاس پچاس طلبہ لئے جا رہے ہیں اور ادارے میں قائم لیبارٹریوں میں تمام جدید ضروری سامان رکھا گیا ہے جس سے طلبہ بھر پور استفادہ کرسکیں گے طلبہ نے ادارے کے قیام پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
کالج کے منعقدہ افتتاحی تقریب میں کثیر تعداد میں علاقے کے عمائدین پارلیمنٹرینز اور سیاسی و سماجی رہنماؤں نے شرکت کی اس موقع پر رکن قومی اسمبلی اور سٹینڈنگ کمیٹی برائے انڈسٹریز کے چیئرمین ساجد طوری نے کہا کہ پہلے قبائلی اضلاع کے نوجوانوں تعلیم کے باوجود دوسرے ممالک میں جاکر ڈرائیور یا دوسرے محنت مزدوری کیا کرتے تھے مگر اب یہاں سے فارغ ہونے والے ہنر مند اندورن ملک اور باہر ممالک میں باعزت روزگار کریں گے اور ملک کیلئے زر مبادلہ کمانے کا ذریعہ بنیں گے ساجد طوری کا کہنا تھا کہ اس ادارے کو انجینئرنگ یونیورسٹی کا درجہ دینے کی کوشش کرینگے۔
طلبہ اور علاقے کے عمائدین نے ادارے کے قیام کو خوش آئیند قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ادارے کیلئے ہاسٹل اور ٹرانسپورٹ کا بندوبست بھی کیا جائے تاکہ دور دراز علاقوں کے طلبہ بھی ادارے سے فائیدہ اٹھا سکیں۔