قبائلی اضلاع

انضمام کے بعد تمام خاصہ دار اور لیویز اہلکاروں کو دیگر پولیس کے برابر حقوق حاصل ہو گئے، ثناء اللہ عباسی

پاراچنارانسپکٹر جنرل آ ف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی ہفتہ کو ایک روزہ دورے پر پارا چنار ضلع کرم پہنچے۔

ٹریننگ سنٹر 8بلوچ پارا چنار پہنچنے پر بریگیڈیئر نجف کمانڈنٹ 73بریگیڈ، کرنل جاوید عباسی 8بلوچ، میجر صالحین پرنسپل ٹریننگ سنٹر پارا چنار، ڈی پی او کرم قریش خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے آئی جی پی کا استقبال کیا۔

آئی جی پی کو بتایا گیا کہ 400 سابقہ خاصہ دار اور لیویز اہلکاروں کو پولیس کی بہترین ٹریننگ دی جارہی ہے۔ جس میں ان کی جسمانی فٹنس، مروجہ پولیس قوانین، بنیادی انسانی حقوق کی پاسداری، پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور استعداد کار بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

اس موقع پر کرنل جاوید عباسی نے آئی جی پی کو ٹریننگ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

آئی جی پی کو بتایا گیا کہ زیرتربیت پولیس اہلکار پوری تندہی اور جانفشانی کے ساتھ تربیت کے حصول میں مگن ہیں۔ اس موقع پر زیرتربیت پولیس اہلکاروں نے آئی جی پی کو پیشہ وارانہ مہارت کے مظاہرے پیش کیے جس میں جدید اسلحہ کے استعمال، عوام کی جان ومال کی حفاظت، VIPs کی حفاظت اور اغواء کاروں کے چنگل سے مغوی کی با حفاظت بازیابی جیسے مشکل اور حساس آپریشنز شامل تھے۔

بعدازاں انسپکٹر جنرل آ ف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نیگورنر کاٹیج پاڑا چنارمیں منعقدہ پولیس دربار میں شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں آئی جی پی نے ٹریننگ کی بہترین سہولیات اور معیاری تربیت کی فراہمی پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔

آئی جی پی نے کہا کہ بنیادی تربیت جوانوں کی استعداد کار بڑھانے اور درپیش چیلنجز سے پیشہ وارانہ انداز میں نمٹنے کے لیے رگوں میں دوڑنے والے خوان کے مترادف ہے۔ انہوں نے زیر تربیت پولیس اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ اس موقع کو غنیمت سمجھ کر اپنے آپ کو ہر قسم کی پیشہ وارانہ مہارت سے آراستہ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس ٹریننگ نہ صرف ان کے کرئیر میں سنگ میل ثابت ہوگا بلکہ عوام کو ان کے حقوق اور انصاف کی بروقت فراہمی میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔

آئی جی پی نے کہا کہ پولیس میں انضمام کے بعد تمام خاصہ دار اور لیویز اہلکاروں کو دیگر پولیس کے برابر حقوق حاصل ہو گئے ہیں اور ان کو شہداء پیکج اور تمام مراعات پولیس کے برابر دیئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کی پولیس کو ترقی کے یکساں مواقع حاصل ہیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کی پولیس کومعیاری تربیت، جدید اسلحہ، سکیورٹی و مواصلاتی آلات اور گاڑیوں کی فراہمی تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کی پولیس کو بہترین اور مثالی فورس بنا رہے ہیں۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button