کوکی خیل متاثرین کے حق میں سیاسی و قومی اتحاد کا جلسہ
سیاسی و قومی اتحاد کے زیرِ اہتمام تاریخی باب خیبر کے مقام پر پاک افغان شاہراہ پرکوکی خیل متاثرین کی بحالی و باعزت واپسی کے لیے جلسہ عام منعقد ہوا جس میں کثیر تعداد میں عوام و متاثرین نے شرکت کی۔جلسہ عام میں قومی و سیاسی مشران کے علاوہ جماعت اسلامی کے سینٹر مشتاق احمد خان،جے یو آئی ف کے صوبائی امیر عطاء الرحمان، معروف قانون دان لطیف لالا،ایم پی اے الحاج بلاول آفریدی، ایم پی اے نثار مومند،ملک دریا خان افریدی،اے این پی کے عمران لالا،شاہ حسن شینواری،پی ٹی آئی جی کے عائشہ گلالئی، نیشنل پارٹی کے سردار خان،مسلم لیگ ن سید ولی شاہ افریدی،زرغون شاہ ،مولانا غفران اللہ خیبری،پاکستان پیپلز پارٹی کے حضرت ولی افریدی، قومی مشران ملک فیض اللہ جان کوکی خیل،حاجی براکت خان،زوان کوکی خیل اتحاد کے صدر محمد صدیق افریدی نے شرکت کی۔
مقررین نے کہا کہ دس سال پہلے تیراہ راجگل کوکی خیل کے علاقے سے نقل مکانی کرنے والے متاثرین کی باعزت واپسی کا اعلان کرکے بحالی کے لیے بڑے پیکج کا اعلان کیا جائے۔
جلسہ عام سے مقررین نے کہا کہ دس سال پہلے تیراہ راجگل کوکی خیل نے عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کی وجہ سے کوکی خیل قبیلے نے نقل مکانی کرکے جمرود و پشاور میں کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں تاہم حکومت نے ابھی تک کوئی پیکج کا اعلان کیا اور نہ ان کی باعزت واپسی کے لیے کوئی اقدامات اٹھائے جس پر افسوس ہی کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ احتجاجی کیمپ اُس وقت تک جاری رہے گا جب تک متاثرین راجگال کی باعزت طریقے سے واپسی کی یقین دہائی نہیں دی جاتی۔ متاثرین گزشتہ دس سال سے بےسروسامان اپنے ملک میں مہاجروں کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے۔
انہوں نے کہا کہ متاثرین کے نام پر مختلف قسم کے پیکجز ہڑپ کرنےوالوں کا احتساب کیا جائے،تیراہ راجگال متاثرین کا اب تک ہرقسم سہولت اور پیکجز سے محروم ہونا حکومت کی دوغلی پالیسی کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت روز اوّل سے قبائلوں کے ساتھ مخلص نہیں ملک کی سالمیت کے خاطر اپنی جان ومال قربان کرنے والوں کی معاشی قتل عام بند کیا جائے۔انہوں نے کہا ایف ڈی ایم اے نے کرپشن کی انتہا کی ہے مکمل احتساب کیا جائے۔احتجاجی جلسہ عام میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ تیراہ راجگل کوکی خیل متاثرین کی بحالی و باعزت واپسی کا جلد سے جلد اعلان کیا جائے ورنہ تمام اقوام لاکھوں افراد کے ساتھ مل کر واپسی کا اعلان کریں گے۔