شمالی وزیرستان میں فورسز پر حملہ، آفیسر سمیت دو اہلکار زخمی
شمالی وزیرستان کے سب ڈویژن میرعلی میں نامعلوم افراد کے حملے میں ایک آفیسر سمیت دو سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔
سرکاری زرایع کے مطابق فائرنگ حسو خیل پل کے قریب سکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی پر ہوئی جس میں کیپٹن فرحان اور نائک آصف زخمی ہوگئے۔
دونوں زخمیوں کو میرعلی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ علاقے کو فورسز نے گھیرے میں لے کر سرچ اپریشن شروع کردیا ہے۔
وقوعے کے بعد میرعلی بازار بھی تاجروں نے خوف کی وجہ سے خود مکمل طور پر بند کردیا ہے۔
خیال رہے کہ قبائلی اضلاع بالخصوص شمالی و جنوبی وزیرستان میں ایک بار حالات کشیدہ ہونے کی جانب رواں دواں ہیں۔ دو دن پہلے بھی
جنوبی وزیرستان کے تحصیل شکتوئی میں بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا تھا جس میں آفیسر سمیت چار سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق دھماکہ آنا خیل ستر راغزی علاقے میں ہوا ہے جس میں لیفٹیننٹ ناصر، نائیک غفار، نائیک عمران اور سپاہی عثمان شامل ہیں۔ ۔ دوسری جانب اسی دن شمالی وزیرستان تحصیل میرعلی میں بھی بم دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔
۔