”ملاگوری لوڑہ مینہ کے عوام کو جلد دریائے کابل سے پانی فراہم کر دیا جائے گا”
زاہد ملاگوری سے
محکمہ پبلک ہیلتھ ضلع خیبر کے ایکسیئن میرآدم خان وزیر نے کہا ہے کہ ملاگوری لوڑہ مینہ کے عوام کو جلد دریائے کابل سے پانی فراہم کر دیا جائے گا۔
ایکسیئن میرآدم وزیر نے دریائے کابل سے ملاگوری کے پہاڑی علاقہ لوڑہ مینہ کی 20 ہزار سے زائد آبادی کیلئے جاری پینے کے فراہمی سکیم کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ وفاقی وزیر کے نورالحق قادری کے نمائندے حاجی خان میر ملاگوری، یونیسیف کے نمائندہ عبداللہ، سب انجینئر اشفاق احمد، پی ٹی آئی رہنماء ماہید گل، سعید محمد، عبدالرازق، مراد گل بھی موجود تھے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران ضلع خیبر کے ایکسیئن میر آدم خان وزیر نے کہا کہ مذکورہ اسکیم پر کام تیزی سے جاری ہے اور بہت جلد لوڑہ مینہ کے عوام کو دریائے کابل سے پانی کی فراہمی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا اس سلسلے میں دریائے کابل کے کنارے پر 2 عدد کنویں کھودے گئے ہیں جس سے آزمائشی طور پر 8500 لیٹرز پانی فی گھنٹے کے حساب سے پانی نکالا گیا ہے اور علاقے کو چار انچ چوڑائی والے جبکہ ہزاوں میٹر لمبے پائپ فراہم کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پائپ لائن کے ساتھ میٹریل سپلائی میں آسانی اور پیدل آمدورفت کے لئے 3 فٹ چوڑا ٹریک بھی بنایا جائے گا۔
ایکسئین میر آدم وزیر نے جاری اسکیم پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اپنے گفتگو میں وفاقی وزیر کے نورالحق قادری کے نمائندے حاجی خان میر ملاگوری نے کہا کہ اس گرینڈ منصوبے سے مقامی لوگوں کو دہائیوں سے پیش مسئلہ کافی حد تک حل ہو جائے گا۔