قبائلی اضلاع

ہلال احمر پاکستان کا قبائلی اضلاع میں پانچ بنیادی صحت مراکز قائم کرنے کا فیصلہ

ہلال احمر پاکستان نے قبائلی اضلاع میں پانچ بنیادی صحت مراکز قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا جس کیلئے سٹاف کی تعیناتی کو حتمی شکل دیدی گئی ہے جبکہ پانچ قبائلی اضلاع میں کورونا سے متاثرہ 750 خاندانوں میں فوڈ پیکجز بھی تقسیم کئے گئے۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق فوڈ پیکج میں گھی، چینی، دالیں اور دوسری اشیاء خورد و نوش شامل ہیں، فوڈ پیکجز مستحق افراد میں ہلال احمر نے ضلعی انتظامیہ کی مدد سے تقسیم کئے۔

شمالی وزیرستان میں راشن تقسیم کرنے کی ایک تقریب کے دوران چیئرمین ہلال احمر برائے قبائلی اضلاع آصف خان محسود نے کہا کہ قبائلی عوام نے بہت ساری مشکلات کا سامنا کیا ہے، ہلال احمر پاکستان ان کو کبھی بھی اکیلے نہیں چھوڑے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی مختلف قبائلی اضلاع میں پانچ صحت کے بنیادی مراکز قائم کر رہی ہے جس کے لیے سٹاف کی تعیناتی بھی ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوڈ پیکجز تقسیم ہونے کا یہ سلسلہ آگے بھی چلتا رہے گا، مقامی لوگوں سے بات چیت کے دوران آصف خان محسود نے کہا کہ تمام قبائلی اضلاع میں حکومتی اداروں کی مدد سے 10 کروڑ درخت لگانے کا سلسلہ بھی جاری ہے جس سے مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔

آصف خان محسود نے مقامی لوگوں کو یقین دہانی کروائی کہ وہ ہر دکھ سکھ میں مقامی لوگوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے، ہلال احمر کی جانب سے جنوبی وزیرستان میں کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد بھی کیا گیا جس کو مقامی سطح پر پذیرائی ملی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button