خیبر، ملک دین خیل، کوکی خیل اراضی تنازعہ کے حل کیلئے مذاکراتی عمل کا آغاز
ضلع خیبر کی وادی تیراہ کے علاقے تند میں قبیلہ ملک دین خیل کے ذیلی شاخ عمرخان خیل اور کوکی خیل قبیلے کے درمیان زمینی تنازعے پر مذاکراتی عمل کا آغاز کر دیا گیا۔
تیراہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق رکن قومی اسمبلی حاجی اقبال آفریدی اور تیراہ تحصیلدار داؤد آفریدی کی نگرانی میں فریقین کے درمیان ہونے والے مذاکراتی جرگہ نے دونوں فریقین کے درمیان مسئلے کے حل کے لئے کوکی خیل قبیلے کے ذیلی قبییلے طور خیل اور ملک دین خیل قبیلے کے عمرخان خیل سے چھ چھ رکنی مصالحتی افراد مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس پر دونوں فریقین نے قوم سے مشاورت کےلئے آج تک کی مہلت مانگ لی۔
تیراہ تند کے مقام پر ہونے والے مذاکراتی جرگہ میں ایم این اے اقبال آفریدی کے علاوہ ملک فیض اللہ جان کوکی خیل، ملک نصیر، الحاج شاہ جی گل گروپ کے ترجمان واحد حاجی اور طور خیل و عمر خان خیل کے دس دس عمائدین شریک ہوئے۔
واضح رہے کہ تیراہ تند کے علاقے میں اراضی تنازعہ نے گزشتہ کئی ہفتوں سے کشیدہ صورت اختیار کی ہے، مقامی انتظامیہ اور رکن قومی اسمبلی حاجی اقبال آفریدی کی نگرانی میں ہونے والے مذاکرتی جرگہ نے کشیدگی کو کم کرنے اور پیش رفت ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔