بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن کی ٹیموں کا تمام ضم اضلاع کا دورہ
ضم شدہ اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں، ویلیج/نیبرہڈ کونسلوں کی حلقہ بندیوں پر کام کا جائزہ لینے کے لئے مانیٹرنگ مکمل ہو گئی۔
الیکشن کمیشن کے افسران پر مشتمل ٹیموں نے تمام اضلاع کا دورہ کیا ہے اور کہا گیا ہے کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرستیں 20 اگست تک مرتب کی جائیں گی اور حتمی اعلامیہ 13 اکتوبر کو جاری کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے لئے ویلیج اور نیبر ہڈکونسلوں کی حلقہ بندیوں پر کام کا جائزہ لینے کے لئے الیکشن کمیشن کی جانب سے تشکیل کردہ مانیٹرنگ ٹیموں نے تمام اضلاع کا دورہ کیا۔
خیبر پختونخوا کے سات ڈویژنوں کے لئے سینئر افسران پر مشتمل سات ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے 5 اگست سے 10 اگست تک اضلاع کا دورہ گیا اور اپنی جائزہ رپورٹ صوبائی الیکشن کمشنر کو ارسال کر دی۔
شیڈول کے مطابق 20 اگست 2020 تک حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرستیں مرتب کی جائیں گی، عوامی تجاویز اور اعتراضات کے لئے ابتدائی حلقہ بندیوں کی فہرستوں کی اشاعت 21 اگست کو کی جائے گی جبکہ عوام اپنی تجاویز اور اعتراضات 22 اگست سے 6 ستمبر تک ڈیلیمیٹیشن اتھارٹی (Delimitation Authority) کے پاس داخل کر سکیں گے جس کے لئے ریجنل الیکشن کمشنرز ڈیلیمیٹیشن اتھارٹی مقرر کئے گئے ہیں۔
ان تجاویز اور اعتراضات پر فیصلہ 5 اکتوبر تک کیا جائے گا، ڈیلیمٹیشن اتھارٹی اپنے فیصلوں سے حلقہ بندی کمیٹیوں کو 12 اکتوبر تک آگاہ کرے گی جبکہ 13 اکتوبر کو حلقہ بندیوں کی حتمی فہرستوں کا اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔