اراضی ملکیت، قوم سپاہ نے ملک دین خیل کے دعوے کو بے بنیاد قرار دیدیا
ْقوم ملک دین خیل کے مشران کی جانب سے ہماری زمینوں پر بے بنیاد اور من گھڑت دعووں کی مذمت کرتے ہیں، اگر ان کے پاس کوئی ٹھوس ثبوت ہیں تو سامنے لائیں، ایم این اے اقبال آفریدی مسلسل غیر ذمے داری اور جانب داری کا مظاہرہ کرتے چلے آ رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار باڑہ پریس کلب میں قوم سپاہ سے تعلق رکھنے والے مشران سابق سفیر محمد اصغر آفریدی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ حاجی خان گل، حاجی ظاہر جان، وکیل، حاجی جنت خان اور دیگر سرکردہ مشران بھی موجود تھے۔
محمد اصغر آفریدی نے کہا کہ اگر قوم ملک دین خیل کا دعوی ہے کہ یہ قوم ملک دین کے آبا و اجداد کی زمین ہے تو ان کی قبریں تو یہاں ہوں گی؟ کوئی ایک قبر بھی دکھا دیں تو مانیں گے، اگر قوم ملک دین کا قوم سپاہ کے علاقے میں ایک بھی گھر یا مکان موجود ہے تو دکھا دیں ما سوائے اس کے کہ انہوں نے قوم سپاہ کی کسی شخص سے روپوں کے عوض وہ گھر یا زمیں خریدی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تک عدالت کی جانب سے ہمیں ایک سمن بھی نہیں ملا ہے تو کیسے انہوں نے عدالت میں سٹے آرڈر لیا ہے، ایم این اے اقبال آفریدی پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں ایم این اے اقبال آفریدی جانب دار رہے ہیں اور بے بنیاد الزامات لگا رہیں ہیں، موصوف صرف قوم ملک دین خیل کے ایم این اے نہیں ہیں، باڑہ کے تمام اقوام کے ایم این اے ہیں۔
سابق سفیر کے مطابق اقبال آفریدی نے قوم ملک دین خیل میں تو الیکشن ہارا بھی تھا ان کو قوم سپاہ میں بھی زیادہ ووٹ ملے تھے، اقبال آفریدی سے ہم سخت ناراض ہیں، ان کے بے سر و پا بیانات کی ہم مذمت کرتے ہیں، دوسری بات یہ ہے کہ اگر یہ متنازعہ زمین تھی تو اقبال آفریدی کیوں افتتاح کرنے آئے تھے؟
گزشتہ روز شجر کاری مہم کے دوران بدنظمی اور ہلٹر بازی کے میں ان کا کہنا تھا کہ پودے اکھاڑنے والوں سے پوچھ گچھ کریں گے جو بھی قصور وار ٹھہرا تو اسے جرمانہ کیا جائے گا۔