قبائلی اضلاع

”وزیراعظم نے باڑہ ڈیم کیلئے 30 ارب روپے کا وعدہ کیا ہے”

ضلع خیبر میں مون سون شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا گیا۔ ممبر قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری سیفران اقبال آفریدی نے پودا لگا کر مون سون شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔

اس سلسلے میں باڑہ اکاخیل فارمز سروسز سنٹر میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں مہمان خصوصی اقبال آفریدی کے علاوہ ڈائریکٹر محکمہ زراعت قبائلی اضلاع شمس الرحمان، فارم انچارج شفقت اللہ، پی ٹی آئی کے سرگرم کارکن خان عالم، صابر اور شیر زمان بھی شریک تھے۔

شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں اقبال آفریدی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے باڑہ ڈیم کیلئے 30 ارب روپے دینے کا وعدہ کیا جس سے تحصیل باڑہ اور ملحقہ ضلع پشاور کے بہت سے علاقوں میں زرعی زمین زرخیز ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی اجلاسوں میں زراعت کی اہمی پر تفصیلی بات کی گئی اور ملکی سطح پر کسانوں کی فلاح کیلئے مختلف منصوبے رکھے گئے ہیں۔

ایم این اے کے مطابق وزیر اعظم سے قبائلی اضلاع کے زمینداروں کو بلا سود قرضے دینے اور پہلے کمزور کسانوں کیلئے جاری شدہ قرضوں کی معافی پر بات کی ہے۔

اقبال آفریدی نے ڈائریکٹر زراعت کے مطالبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایریگیشن کو ڈوگرہ میں مکمل بلڈنگ دی جہاں سے انہوں نے کام شروع کیا تاہم منڈئی کس میں زراعت کے دفتر کو فنکشنل بنانے کیلئے وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا سے بات کروں گا۔

اس موقع پر ایم این اے نے 21 مقامی کسانوں میں سپرے مشینیں بھی تقسیم کیں اور باڑہ میں متاثرہ کسانوں کو ہر قسم کے ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button