مہمند میں ضم شدہ اضلاع کے پہلے چائلڈ پروٹیکشن کورٹ کا قیام
ضلع مہمند میں ضم شدہ اضلاع کے پہلے چائلڈ پروٹیکشن کورٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ وقار احمد سیٹھ باقاعدہ افتتاح کریں گے۔
ضلع مہمند میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج آفس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع کیلئے ضلع مہمند سے چائلڈ پروٹیکشن کورٹ کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جو ضم شدہ اضلاع کا پہلا چائلڈ پروٹیکشن کورٹ ہو گا۔
کل بروز ہفتہ 8 اگست چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ وقار احمد سیٹھ غلنئی کا دورہ کر کے باقاعدہ افتتاح کریں گے۔
یاد رہے کہ 16 مارچ 2019 کو پشاور کی تاریخ میں پہلی بار چائلڈ پروٹیکشن کورٹ کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔
بعدازاں پشاور ہائی کورٹ نے خیبر پختونخوا حکومت کو ضلعی سطح پر چائلڈ پروٹیکشن عدالتیں قائم کرنے کی تجویز دی تھی جو مسترد کر دی گئی تھی۔
پشاور ہائی کورٹ کے رجسٹرار خواجہ وجیہہ الدین نے ایک پریس بریفنگ میں بتایا تھا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے کنوینشن برائے حقوق اطفال کا دستخط کنندہ ہے جس کے تحت بچوں کی بہتری کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے, اس مقصد کے لیے ہائی کورٹ نے 2 مرتبہ صوبائی حکومت سے ضلعہ سطح پر چائلڈ پروٹیکشن عدالتیں قائم کرنے کی درخواست کی لیکن اسے مسترد کر دیا گیا۔