ایف سی آر کے اثرات اب بھی باقی: باجوڑ مقامی جرگے نے قتل میں ملوث پانچ افراد کے گھر نذر آتش کردئے
باجوڑ میں سلارزئی قوم نے رٸیس خان کے قتل میں ملوث پانچ افراد کے گھروں کو خود آگ لگا دی اور مسمارکردیا۔ یادرہے کہ منگل کے روز نامعلوم افراد نے تحصیل سلارزئی کے علاقہ لر سیدین ناراضہ سرو کلی میں رئیس ولد شیر محمد کو قتل کردیاتھا۔
باجوڑ پولیس کے ڈی ایس پی گلزر خان کے مطابق 18سالہ لڑکے رئیس کے گلے میں پہلے پھندہ ڈالاگیا جبکہ بعد میں سر میں ایک گولی مارکر قتل کیاگیا۔ باجوڑ پولیس نے ڈی ایس پی گلزر خان کی قیادت میں کاروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ قاتلوں نے جس گاڑی کو استعمال کیا اس گاڑی کو سلارزی غنڈی میں فضل غنی نامی شخص کے گھر سے برآمد کرلیا۔
ڈی ایس پی گلزر خان کے مطابق گرفتار کئے گئے ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔ آج بدھ کے دن سلارزئی قوم کے پانچ سو لوگوں نے قتل میں ملوث پانچ افراد کے گھروں کو آگ لگا کر مسمار کردیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق رئیس خان نامی لڑکے کو قتل کیا گیا ہے ذاتی دشمنی کی بنا پر قتل کیا گیا ہےلیکن سلارزئی علاقے میں یہ پہلی دفعہ ہوا ہے کہ کسی کو پیسوں پر قتل کیا گیا ہے اسلیے سلارزئی قوم نے یہ کاروائی کی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق رئیس ولد شیرمحمد سکنہ ناراضہ سروکلی کوملزمان نے قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کو مقبرہ میں پھینک دیا تھا، لاش کو جس گاڑی میں لایا گیا تھا اس گاڑی کا تعاقب ڈی ایس پی گلزر صاحب نے کیا، گاڑی کو علاقہ سلارزئی غنڈی میں فضل غنی نامی شخص کے گھر سے برآمد کیا گیا، جس گھر گاڑی برآمد ہوئی ان کا کہنا تھا کہ گاڑی ہمارے رشتہ دار نعمت اللہ، حمید اللہ اور اس کیساتھ ساتھی چھوڑ کر چلے گئے۔
پولیس نے قاتلوں کے تعاقب کیا جنہوں نے ایک ملزم حمید اللہ کو گرفتار کیا جبکہ نعمت اللہ اور اس کا ساتھی مفرور ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔