پاک افغان سرحد طورخم پیدل آمد ورفت کیلئے کھول دی گئی
پاک افغان سرحد طورخم کو آج پیدل آمد ورفت کیلئے کھول دیا گیا۔
ضلع خیبر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پاک افغان بارڈر طورخم کو آج پیدل آمد و رفت کیلئے کھول دیا گیا ہے، بارڈر کھلنے سے افغانستان میں پھنسے پاکستانی واپس آ سکیں گے۔
انتظامیہ کے مطابق پاکستان سے افغانستان جانے والوں کیلئے بھی سرحد بحال ہو گی۔
وفاقی حکومت کے احکامات پر سرحد کو بحال کیا گیا, حکام کے مطابق طورخم سرحد ہفتہ میں پانچ دن ٹرانزٹ اور ایک دن پیدل آمدورفت کیلئے کھلی رہے گی۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر پاک افغان سرحد کو بند کیا گیا تھا۔ 6 اپریل کو افغان حکومت کی درخواست پر پاکستان نے طورخم اور چمن بارڈر افغان مہاجرین کی واپسی کے لئے کھول دیا تھا۔
ہزاروں کی تعداد میں چمن باڈر پر محصور افغان شہریوں نے واپسی کا رخ کیا تھا تاہم افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں کو سرحد پار کرنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔