کالعدم لشکر اسلام کے سابق ترجمان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
انسداد دہشت گردی پشاور کی خصوصی عدالت نے دہشت گردی کے الزام میں گرفتار کالعدم تنظیم لشکر اسلام کے سابقہ ترجمان کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالہ کر دیا۔
گزشتہ روز جب سی ٹی ڈی کے تفتیشی افسر نے کالعدم تنظیم لشکر اسلام کے سابق ترجمان اور کمانڈر مصری گل ولد خیر گل سکنہ شلوبر باڑہ کو عدالت میں پیش کیا تو اس دوران عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم پر دہشت گردی اور تخریب کاری کے کئی واقعات میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم کئی مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہے جبکہ ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر اسلام سے رہا ہے جس سے مزید تفتیش کی ضرورت ہے لہذا ملزم کو تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالہ کیا جائے۔
عدالت نے سی ٹی ڈی تفتیشی افسر کی جانب سے دائر جسمانی ریمانڈ کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے ملزم کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔