قبائلی اضلاع

گل پانڑہ کی ڈی سی خیبر کے بنگلے میں رقص کی ویڈیو وائرل

لنڈی کوتل ڈی سی بنگلے میں پشتو کی مشہور گلوکارہ گل پانڑہ کے ڈانس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق لنڈی کوتل میں قائم ڈی سی خیبر کے بنگلے میں مشہور پشتو گلوکارہ گل پانڑہ سخت سیکیورٹی میں نمودار ہوئیں اور یہاں ٹک ٹاک کے لئے مختصر ویڈیو بنائی جس میں وہ رقص کرتی دکھائی رہی ہیں۔

پروٹوکول کے ساتھ گلوکارہ گل پانڑہ حمزہ بابا کے مزار اور میچنی چیک پوسٹ بھی گئیں، دوسری جانب مقامی لوگوں نے سوشل میڈیا پر لوگوں نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا، کسی نے گل پانڑہ کی لنڈی کوتل آمد اور رقص کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس کو علاقائی امن اور سیاحت کے لئے ضروری قرار دیا اور اس کو بہترین تفریح کا ذریعہ قرار دیا جبکہ مذہبی حلقوں کی جانب سے اس پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اکثر نوجوانوں نے گل پانڑہ کی آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ویلکم کہا ہے جبکہ کچھ مذہبی جماعتوں کے کارکنوں نے اس پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق پی اے خیبر کا بنگلہ مشران اور عمائدین کے جرگوں کا مرکز ہوا کرتا تھا جہاں علاقائی مسائل پر گفتگو اور جرگے ہوا کرتے تھے لیکن افسوس اب اس میں رقص ہو رہے ہیں جس سے علاقائی رسم و رواج اور کلچر پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

زیادہ تر لوگوں نے گل پانڑہ کے دورہ لنڈی کوتل پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ لنڈی کوتل میں امن بحال اور برقرار ہے اور یہاں سیاحت کو دوام دینے کے لئے انتظامات ہونے چاہئیں اور سیاحت کے فروغ کے لئے سپاری ٹرین سروس بحال ہونی چاہئے جس کے لئے ریلوے ٹریک بنائی جائے۔

تاہم گلوکارہ کی آمد کے وقت کا تعین ایک معمہ ہے، پشتو زبان کی مشہور گلو کارہ گل پانڑہ جمعہ کے دن آئی تھیں یا ہفتے کے روز حکام اس حوالے سے کچھ نہیں بتا رہے ہیں۔

دوسری جانب لنڈی کوتل میں ہر جگہ گل پانڑہ کی آمد, گانے اور رقص موضوع بحث رہے جبکہ سوشل میڈیا پر بھی ہر کوئی گل پانڑہ کے ڈانس کی ویڈیو شئیر کر رہا ہے۔

ادھر اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل نے گل پانڑہ کے دورے سے لااعلمی کا اظہار کیا ہے۔

میڈیا نمائندوں کے ساتھ گفتگو میں اس حوالے سے محمد عمران خان نے کہا کہ گل پانڑہ کے ٹک ٹاک ویڈیو کے حوالے سے انکوائری کر رہا ہوں، کہ گل پانڑہ کب ، کیسے اور کون لایا تھا، اس حوالے سے انکوائری اور تحقیقات جاری ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button