سی ٹی ڈی مقابلے میں مارے جانے والے عرفان اللہ کی بیوی کو نوکری کا تقررنامہ مل گیا
ضلع خیبر باڑہ میں مقتول عرفان اللہ کے بیوہ کی نوکری کا تقرر نامہ مقتول کے بھائی کو دے دیا گیا۔ خیبر سیاسی اتحاد کے ممبران نے باڑہ تحصیل میں مقتول عرفان اللہ کے بھائی گل بہادر کو عرفان اللہ کی بیوی کا تقرر نامہ دیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے خیبر سیاسی اتحاد کے ممبر صحبت خان آفریدی نے کہا کہ عرفان اللہ کی بیوہ کی نوکری سر صاحبزادہ عبدالقیوم خان سکول اینڈ کالج میں کنٹریکٹ بنیاد پر کی گئ جس کو بعد ازاں مستقل کیا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ عرفان اللہ کے قتل کے خلاف احتجاجی دھرنے میں ہمارے مطالبات میں دو مطالبات پورے کر لیئے گئے جن میں F.I.R نہ کرنے پر معافی اور اسکی بیوہ کو نوکری دینا شامل تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیگر مطالبات میں معاوضہ کی ادائیگی، ضلع خیبر میں دیگر اضلاع کے انتظامی محکموں کا مداخلت نہ کرنا اور لاپتہ افراد کو عدالت میں پیش کرنا شامل ہیں تاہم ان تمام مطالبات پر بھی کام جاری ہے اور بہت جلد مقتول عرفان اللہ کے لواحقین کو معاوضہ بھی ادا کر دیا جائیگا۔
صحبت آفریدی نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ممبر صوبائی اسمبلی محمد شفیق آفریدی اور قبائل عوامی موومنٹ کے بانی رہنما عبدالرازق آفریدی نے ان مطالبات کی ذمہ داری لی ہے۔ واضح رہے کہ 22 جون کو عرفان اللہ کے قتل کے خلاف باڑہ بازار خیبر چوک میں تقریباً دس دن احتجاجی دھرنا دیا گیا اور بعد ازاں پشاور میں صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاج کیا گیا۔