قبائلی اضلاع

‘ہدایت شاہ آفریدی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ منظرعام پر لائی جائے’

ضلع خیبر کی صحافی برادری نے مطالبہ کیا ہے کہ صحافی ہدایت شاہ آفریدی کے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے، پوسٹ مارٹم رپورٹ کو جلد منظر عام پر لایا جائے جبکہ ڈپٹی کمشنر خیبر مرحوم کے بچوں کو امدادی چیک دیں۔

لنڈی کوتل پریس کلب میں ضلع خیبر کی تینوں تحصیلوں باڑہ، جمرود اور لنڈی کوتل پریس کلب کے ممبران کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں باڑہ سے تعلق رکھنے والے صحافی ہدایت شاہ آفریدی کے قاتلوں کی گرفتاری اور لواحقین کو انصاف کی فراہمی کے حوالے سے قرارداد پاس کی گئی۔

اجلاس میں ضلع خیبر کی تینوں تحصیلوں کے پریس کلب صدور نے متفقہ طور پر اپنے بیان میں کہا کہ صحافی ہدایت شاہ آفریدی کے قاتلوں کو کیفر کرادارر تک پہنچایا جائے اور پسماندگان کو شہداء پیکج دیا جائے۔

انہوں نے ڈی سی خیبر محمود اسلم وزیر سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ ہدایت شاہ آفریدی کے بچوں اور لواحقین کو امدادی چیک سے نوازیں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تینوں پریس کلبوں کی ایک مشترکہ کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی جس کا مقصد صحافی مرحوم ہدایت شاہ آفریدی کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی کو ممکن بنانے کے حوالے سے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرنا مقصود ہو گا۔

آخر میں ہدایت شاہ آفریدی کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

واضح رہے کہ ہدایت شاہ آفریدی گزشتہ ماہ ریگی میں واقع اسد ٹاؤن میں افغانیوں کے ہاتھوں قتل ہوا تھا جن کی پوسٹ مارٹم رپورٹ تاحال آنا باقی ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ 9 جولائی کو باڑہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہدایت شاہ آفریدی کے لواحقین نے الزام عائد کیا تھا کہ قاتلوں کو بااثر افراد کی سرپرستی حاصل ہے جس کی وجہ سے وہ دندناتے پھر رہے ہیں۔

ورثاء کے مطابق ایف آئی آر درج میں پانچ قاتلوں کو نامزد کیا گیا تھا لیکن پولیس نے ابھی تک صرف دو افراد کو گرفتار کیا ہے جبکہ تین قاتل ابھی تک بااثر لوگوں کی سرپرستی کی وجہ سے آزادانہ گھوم پھر رہے ہیں، پولیس بھی ان کی گرفتاری میں عدم دلچسپی سے کام لے رہی ہے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button