جنوبی وزیرستان کے 3 قبیلوں کا ایگری پارک میں کاروبار منتقل کرنے سے انکار
قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کی قوم اشرف خیل، کاکاخیل اور مغل خیل قبیلوں نے ایگری پارک وانا میں اپنے کاروبار منتقل کرنے سے انکار کر دیا۔
واضح رہے کہ چند دن قبل کمانڈنٹ سکاوٹس فورس محمدوسیم الطاف نے کاروباری سرگرمیاں بحال کرنے کی خاطر وانا ایگری پارک کا باقاعدہ افتتاح کر دیا تھا جس میں قبائلی زعماء، علماء کرام و دیگر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی تھی جس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ فروٹ اور سبزی منڈیوں سے وابستہ تاجر اور کاروباری حضرات وانا روستم بازار سے اپنا کاروبار وانا ایگری پارک منتقل کریں گے، احکامات نہ ماننے کی صورت میں مقامی ضلعی انتظامیہ کارروائی کرے گی۔
دوسری جانب وانا روستم بازار کے مالکانان نے وانا ایگری پارک جانے سے انکار کرتے ہوئے مقامی میڈیا کو بتایا کہ وانا روستم بازار قوم اشرف خیل، کاکاخیل اور مغل خیل قبائل کی ذاتی ملکیت ہے اس لئے ہم حکومت کے کہنے پر وانا ایگری پارک جانے کے لئے تیار نہیں ہیں کیونکہ ہمارا رننگ کاروبار ہے جس کی منتقلی سے ہمارا کروڑوں کا نقصان ہوتا ہے۔
اس بابت قوم اشرف خیل، کاکاخیل اور مغل خیل قبائل نے ایک سو افراد پر مشتمل کمیٹی تشکیل کر کے شٹر ڈاؤن ہڑتال کریں گے۔