وانا: ایگری پارک میں باقاعدہ طور پر کاروبار کا آغاز ہوگیا
جنوبی وزیرستان میں ایگری پارک میں کاروبار کا آغاز ہوگیا ہے۔ 250 کنال اراضی پر محیط 108 دکانوں اور 75 گوداموں پر مشتمل ایگری پارک میں کاروبار کا بھرپور آغاز کر دیا گیا ایگری پارک اپریل 2018 میں حکومت پاکستان، سول انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز کے تعاون سے تعمیر کیا گیا جس کا بنیادی مقصد وانا بازار کے کاروباری معاملات کو بہتر کرنا اور عوام کو خریداری کے لیے بہترین ماحول فراہم کرنا ہے۔
افتتاح کمانڈنٹ ساؤتھ وزیرستان سکاؤٹس محمد وسیم الطاف نے کیا،کمانڈنٹ کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان فہیداللہ،ڈی پی او جنوبی وزیرستان شوکت علی،ایڈیشنل اے سی وانا ابراہیم شاہ سمیت دیگر سول و ملٹری افیسرز،قبائلی عمائدین اور سیاسی شخصیات بھی موجود تھے۔کمانڈنٹ نے اس افتتاح کو تاریخی قراردیتے ہوئے کہا کہ کئی سالوں سے اتنی اچھی سہولیات مختلف وجوہات کی بناء پر زیر استعمال نہ آسکی،آج کے دن میں انتہائی مسرت اور خوشی محسوس کررہاہوں اور امید کرتاہوں کہ ایگری پارک مستقبل میں علاقے کیلئے ترقی اورخوشحالی لائے گا۔
کمانڈنٹ محمد وسیم الطاف نے پاک آرمی، سول انتظامیہ،ایف سی حکام،قبائلی عمائدین اور ٹریڈیونین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں کی بدولت آج فروٹ اور سبزی منڈیاں یہاں شفٹ ہوگئی ہیں آئی جی ایف سی ساؤتھ نے اس سارے عمل کو خوب سراہا ہے۔
اس موقع پر منڈی یونین کے صدر حاجی روشان،حاجی گل خاتم،حاجی طور خان و دیگر قبائلی عمائدین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کمانڈنٹ اور انتظامیہ کے اس مشقت اور سارے عمل کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے اس سارے عمل میں پاک آرمی اور ایف سی کے کردار کو خوب سراہا اور منڈیوں کو ایگری پارک منتقلی کو علاقے کے کاروبار کیلئے خوش آئندقرار دیدیا۔
واضح رہے کہ فروٹ اور سبزی منڈیوں کی منتقلی کا مسئلہ کئی سال سے لٹکا ہوا تھا جس کے حل کیلئے نومبر 2019سے جرگے ہورہے تھے متعدد جرگے منعقد کئے گئے جس میں آخر کار تاجروں کے تمام مسائل کا حل نکال کر بالا آخر سبزی اور فروٹ منڈیان ایگر ی پارک شفٹ کردی گئیں۔ اس سارے عمل میں سکاؤٹس فورس اور ایف سی ساؤتھ نے بہت اہم رول اداکیا۔