قبائلی اضلاع

ورسک ڈیم اور سی پیک میں ضلع مہمند کو اپنا حق دیا جائے: مہمند سیاسی اتحاد

مہمند سیاسی اتحاد کے زیراہتمام منعقدہ قومی جرگہ نے 14 نکاتی اعلامیہ جاری کر دیا۔

مہمند پریس کلب میں منعقدہ مہمند قومی جرگہ میں ایم این اے ساجد خان، ایم پی اے نثار مہمند، سابق سینیٹر حافظ رشید سمیت تمام سیاسی پارٹیوں کے مقامی سربراہان، علاقہ مشران اور مقامی صحافیوں نے شرکت کی۔

جرگہ میں ضلع مہند کے مسائل پر تقریباً 5 گھنٹوں تک مسلسل بحث کی گئی۔جرگہ کے ایجنڈے میں ضلع مہمند میں گورسل تجارتی راستے کی بندش، تباہ شدہ گھروں کی بحالی، مہمند اور ورسک ڈیم کی رائلٹی، انٹرنیٹ سروس کی بحالی، مہمند کیڈٹ کالج میں مہمند قوم کے لئے مخصوص کوٹہ, سپیشل خاصہ داروں کی تنخواہ اور مشران کے مراعات اور سرکاری نوکریوں میں مقامی افراد کی بھرتی جیسے اہم نکات شامل تھے۔

جرگہ کے اختتام پر متفقہ طور پر 14 نکاتی اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں گورسل روٹ کی جلد ازجلد بحالی، ورسک ڈیم میں ضلع مہمند کا حق دینا، مہمند ڈیم میں مراعات اور نوکریاں، مسمار شدہ گھروں کی دوبارہ آباد کاری، مہمند خاصہ دار اور مراعات 10 سال تک بحال کرنا، سرکاری نوکریوں پر مقامی لوگوں کو بھرتی کرنا، انٹرنیٹ کی بحالی اور بجلی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ، مہمند کیڈٹ کالج میں مقامی طلباء کو 50 فیصد کوٹہ اور سٹاف کوٹہ مہمند قوم کو دینا، لاپتہ افراد کو جلد از جلد عدالتوں میں پیش کر نا، NFC ایوارڈ میں قبائلی اضلاع کو اپنا حصہ دینا، انضمام کے وقت کئے گئے تمام وعدے پورے کرنا، سی پیک میں ضلع مہمند کو اپنا حصہ دینا، لیبر قانون نافذ کرنااور قوم خوگا خیل کو پاکستانی قوم تسلیم کرنا جیسے مطالبات شامل تھے۔

جرگہ میں فیصلہ کیا گیا کہ جلد ہی مہمند سیاسی اتحاد کے زیر انتظام ایک گرینڈ جرگہ منعقد ہو گا جس میں تمام قبیلوں کے مشران، تمام سیاسی رہنماء، صحافیوں اور علماء کرام اور نوجوانوں کو نمائندگی دی جائے گی جس سے ضلع مہمند میں درپیش مسائل اجاگر کرنے اور حل کرنے میں آسانی ہو گی، کمیٹی میں منتخب نمائندے بھی شامل ہوں گے۔

واضح رہے کہ یہ پہلا جرگہ تھا جس میں تمام سیاسی رہنماء، مشران اور منتخب نمائندوں کے علاوہ علمائے کرام اور ہر طبقے کے لوگوں نے شرکت کی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button