کورونا، طورخم کی میڈیکل ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ چیف سیکرٹری
چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا ہے کہ لنڈی کوتل طورخم بارڈر پر کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن کردار ادا کرنے والے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکس اور نرسز کے پور ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
دورہ لندی کوتل کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر کاظم نیاز کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کو شکست دینے میں میڈیا، سول انتظامیہ، علماء کرام، تاجروں اور عوام نے اہم کردار ادا کیا جس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء نے پوری ملک کو لپیٹ میں لیا ہوا ہے اور بالخصوص پاکستان میں کورونا وائرس سے عوام، تاجر برادری، طلباء اور دیگر مکتبہ فکر کے لوگوں کو متاثر ہوئے لیکن اس کے باوجود پوری قوم نے متحد ہو کر کورونا وائرس کی روک تھام کو ممکن بنایا۔
انہوں نے کہا کہ طورخم بارڈر پر اور لنڈی کوتل کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ڈاکٹرز اور دیگر ٹیم نے اپنی جان کو ہتھیلی پر رکھ کر کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی دن رات خدمت کی جس پر پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، ان کی قربانیاں صدیوں تک یاد رکھی جائیں گی۔
ڈاکٹر کاظم نیاز نے علاقے کے عوام سے اپیل کی کہ عیدالاضحی کے موقع پر مال مویشی منڈیوں میں حکومت کی طرف سے دی گئی احتیاطی تدابیر پر عمل اور ایس او پیز کو فالو کریں تاکہ کورونا وائرس کا خاتمہ ہو سکے۔
تقریب کے اختتام پر چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن کردار ادا کرنے والے لنڈی کوتل ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ڈاکٹرز، نرسز اور سول انتظامیہ اور پولیس کے جوانوں میں اسناد تقسیم کئے۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ سیکرٹری ریلیف عابد مجید، ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر محمود اسلم وزیر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد اقبال، ڈائریکٹر ہیلتھ سروس ڈاکٹر نیاز آفریدی، لنڈی کوتل ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر نیک داد، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شمس الاسلام اور دیگر آفیسرز بھی موجود تھے۔