باجوڑ: گورنمنٹ ہائی سکول پرمرمت و بحالی کا کام مکمل
زاہد جان
باجوڑ میں پاک فوج نے سرکاری ہائی سکول کی مرمت وبحالی کاکام مکمل کردیا۔ خیبر پختونخوا کے ضم شدہ ضلع باجوڑ کے تحصیل ماموند کے دور افتادہ گاوں ترخو کے میں گورنمنٹ ہائی سکول کی مرمت اور مکمل بحالی کے بعد اس کا افتتاح کردیا گیا۔
سکول کا افتتاح علاقے کے ایک بزرگ شخص نے کیا۔ یاد رہے کہ پاک فوج نے بہت کم وقت میں بہترین انداز سے اس سکول کو دوبارہ مرمت کرکے بحال کیا ہے۔علاقے کے مکینوں نے پاک فوج اور فرنٹیر کور کو اس طرح کے ترقیاتی کام کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔علاقہ کے ایک مقامی شخص گل جان نے پاک فوج کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ مذکورہ سکول کی عمارت کافی خستہ حال ہوچکی تھی تاہم پاک فوج نے اس کو قلیل مدت میں دوبارہ مرمت کرکے اہلیان علاقہ کے دل جیت لئے۔
ضلع باجوڑ میں کافی عرصہ سے سکولوں کی مرمت نہیں کی گئی جس کے نتیجے میں ایک بڑی تعداد میں سکولوں کی عمارتیں خستہ حال ہوچکی ہیں اور کسی بھی وقت اس کے گرنے کا خدشہ موجود ہے۔ پاک فوج نے کئی علاقوں میں ان خستہ حال عمارتوں کی دوبارہ مرمت کی جن میں مذکورہ بالا سکول بھی شامل ہیں۔
یادرہے کہ 2008فوجی آپریشن کے بعد ذیادہ تر سکول عسکریت پسندوں نے مسمار کئے تھے جس کو دوبارہ حکومت نے تعمیر کرلیا جبکہ ذیادہ تر سکول خستہ حال ہوگئے تھے جن کی دوبارہ مرمت وبحالی کا آغاز کیاگیاہے،باجوڑ میں 14خستہ حال سکولوں کے عمارتوں کی دوبارہ مرمت پر کام جاری ہیں۔ ضم شدہ اضلاع اور ضلع باجوڑ میں سال2013کے بعد سے نئے سکولوں کی تعمیر پر پابندی ہے۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضم شدہ اضلاع میں نئے سکولوں کی قیام پر عائد پابندی ختم کی جائے۔