مہمند، چاندے بازار میں خواتین کی آمد اور خریداری پر پابندی عائد
خیبرپختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی ضلع مہمند کے ذیلی قبیلے حلیمزی نے چاندے بازار میں خواتین کی آمد اور خریداری کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے پورے قبیلے کے افراد کو تحریری طور پر آگاہ کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اتوار کے روز ہاتھ سے تحریر کردہ ایک معاہدہ منظر عام پر آیا جس پر حلیمزی کے ٹول کوز گنداؤ کے 4 مشران اور 32 اراکین کے نام اور دستخط کئے گئے۔
اس معاہدے میں لکھا گیا ہے کہ حلیمزی قبیلے نے اتفاق رائے سے 12 جنوری 2020ء سے چاندے بازار میں خواتین کی آمد اور خریداری پر پابندی عائد کردی ہے۔
معاہدے میں قبیلے کے مرد حضرات خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اپنی خواتین کو اس بات کا پابند بنائیں کہ وہ بازار میں نہ آئے بصورت دیگر اُن کے خلاف اُٹھائے گئے اقدام کی تمام تر ذمہ دار اُن کے مرد رشتہ داروں پر عائد ہوگی۔
اس ضمن میں متعلقہ پولیس افسران، ضلعی انتظامیہ اور علاقہ کے مشران سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم تمام افراد نے موقف دینے سے انکار کردیا۔